کراچی،تاجر دہشت گرد حملوں کے نتیجے میں غمزدہ ضرور ہے لیکن خوفزدہ ہرگز نہیں ،چیئرمین تاجر اتحاد آل کراچی

دہشت گردی کے خلاف مسلسل جنگ نے تاجروں اور عوام کے عزم اور حوصلے کو فولادی بنادیا ہے،عتیق میر

جمعہ 24 فروری 2017 21:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 فروری2017ء) آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے سوشل میڈیا پر دہشت گردی کے خطرات سے متعلق جاری کردہ انتباہی پیغامات کو پاکستانی قوم پر ملک دشمنوں کا اعصابی اور نفسیاتی حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تاجر برادری دہشت گرد حملوں کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں سے غمزدہ ضرور ہے لیکن خوفزدہ ہرگز نہیں اور ایسے پیغامات شہر کی تجارتی سرگرمیاں متاثر کرنے کیلئے کئے جارہے ہیں ، انھوں نے ملک دشمنوں کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف مسلسل جنگ نے پاکستانی تاجروں اور عوام کے عزم اور حوصلے کو فولادی بنادیا ہے، ملک میں مسلسل دہشت گردی کے بزدلانہ حملوں، بے گناہ اور معصوم عوام کی ہلاکتوں کے افسوسناک واقعات کے باوجود مارکیٹوں، تفریحی مقامات، پارکس اور تقریبات میں برقرار رونقیں اور چہل پہل اس بات کا واضح ثبوت ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز آل کراچی تاجر اتحاد کی سپریم کونسل کے ایک ہنگامی اجلاس میں کیا جس میں اکرم رانا، نصار بیگ قادری، طارق ممتازاور دیگر تاجر شریک تھے، انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کی حالیہ لہر کا اصل مقصد ملک میں خوف و دہشت پھیلاکر غیرملکی سرمایہ کاروں کو خوفزدہ کرنا اور گوادر اور سی پیک کی تکمیل اور ترقی کا راستہ روکنے کی مذموم کوشش ہے، انھوں نے بھرپور عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری ملک کے روشن مستقبل، معاشی ترقی اور خوشحالی کی خاطر بڑی سے بڑی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریگی اور آہنی حوصلے اور بیمثال جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے بزدلانہ حملوں کے مرتکب ملک دشمنوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملادے گی، انھوں نے تاجروں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمنوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر قوم کے خلاف نفسیاتی حملوں کا سلسلہ جاری ہے ،آئی ایس پی آر کے نام سے دہشت گردی حملوں کے جعلی الرٹیشن جاری کیئے جارہے ہیں جسے شیئر، لائک یا فارورڈ کرنے کی ہرگز غلطی نہ کریں، انھوں نے حکومت سندھ کی جانب سے مختلف مارکیٹوں اور شاپنگ سینٹرز میں دہشت گردی کے حملوں کے امکانات سے متعلق انتباہی نوٹس کے عوام میں پھیلائے جانے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے نوٹس کا سوشل میڈیا پر جاری کرنا انتہائی افسوسناک اور لاپرواہی کی بدترین مثال ہے، انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تاجر برادری شانہ بہ شانہ اپنی قابل فخر فوج کے ساتھ ہے۔

#

متعلقہ عنوان :