موجودہ حکومت نے اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرکے ایک اور وعدہ پورا کردیا،گورنر پنجاب

جمعہ 24 فروری 2017 21:33

لاہور۔24 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرکے موجودہ حکومت نے ایک اور وعدہ پورا کردیا ، مقامی حکومتوں کا نظام کسی بھی طرح سے عوام کے لئے نعمت سے کم نہیں،وہ گورنر ہائوس لاہور میں ملتان سے صوبائی اسمبلی کے رُکن رانا محمود الحسن کی قیادت میں 20رُکنی مسلم لیگی رہنمائوں کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔

ملاقات میں ممبرز صوبائی اسمبلی حاجی احسان الدین قریشی، رانا طاہر شبیر، وائس چیئرمین سوہاوہ چوہدری راشد، اوورسیز پاکستانی ناصر وارثی، نعیم قریشی اور دیگر اہم کارکن بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہورہے ہیں، جمہوریت ہی ملک کے تمام مسائل کا واحد حل ہے اور ہم سب کو اپنے ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر جمہوریت کو مضبوط کرنا ہے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ ہماری قیادت اپنے کارکنوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملتان میں جدید ٹرانسپورٹ کی شکل میں میٹربس سروس پنجاب حکومت کا بہت بڑا تحفہ ہے اور اس سے ہر شعبہ ہائے زندگی کے افراد فائدہ اٹھائیں گے۔ اس موقع پر وفد کے سربراہ ممبر صوبائی اسمبلی رانا محمود الحسن نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ میٹرو بس سروس سے جہاں عام لوگ مستفید ہورہے ہیں اس سے وہاں کے طلباء اور طالبات کو بھی معیاری اور سستی سہولیات میسر آرہی ہیں جس کا کریڈٹ موجودہ حکومت کو جاتا ہے۔

وفد نے گورنر پنجاب کو درپیش مختلف مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت کا بنیادی مقصد ہی عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے جس کے لئے تمام تر وسائل کو یقینی بنایا جارہے ہے۔

متعلقہ عنوان :