پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کے باوجود 100 انڈیکس 49 ہزار پوائنٹس کی سطح پربند

جمعہ 24 فروری 2017 21:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2017ء) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو کاروبار حصص میں اتارچڑھائو کے بعد مندی رہی، مندی کے باوجودکے ایس ای 100 انڈیکس ایک بار پھر 49 ہزار پوائنٹس کی سطح پرہی بند ہوا۔ مارکیٹ میں سرمایہ کاروں نے اسٹیل، پاور، سیمنٹ، بینکنگ، گیس اور دیگر سرگرم سیکٹرکے شیئرز میں دلچسپی لی۔

ایک موقع پر مارکیٹ میں انڈیکس 49273 پوائنٹس تک پہنچا تاہم بعد ازاں مارکیٹ تنزلی کا شکار ہوگئی اور انڈیکس 48939 پوائنٹس کی سطح تک آیا گیا تاہم کاروبارکے اختتام پرکے ایس ای 100 انڈیکس 54.26 پوائنٹس کی کمی سے 49008 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کے ایس ای 30 انڈیکس 50.37 پوائنٹس کی کمی سے 26592.23 پوائنٹس، کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 1.64 پوائنٹس بڑھ کر 33166.31 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 82.17 پوائنٹس کی کمی کے بعد 84327.56 پر بند ہوا۔

(جاری ہے)

مارکیٹ میںمجموعی طور پر 414 کمپنیوںکا کاروبار ہوا جس میں سے 136کمپنیوںکے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 261 میں کمی اور 17 کمپنیوںکے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ جمعہ کو مارکیٹ میں 27 کروڑ 53 لاکھ 86 ہزار 60 حصص کے سودے ہوئی جبکہ جمعرات کو 26 کروڑ 61 لاکھ 65 ہزار سے زائد شیئرز کا کاروبار ہوا تھا۔ معمولی مندی کے سبب مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 48 کروڑ 4 لاکھ 25 ہز ار 426 روپے کم ہو کر 97 کھرب 4 ارب 53 کروڑ 47 لاکھ 5 ہزار 767 روپے رہ گیا۔

سب سے زیادہ کاروبار عائشہ اسٹیل مل کے شیئرز میں ہوا جس میں 2 کروڑ 43 لاکھ 88 ہزار شیئرز کی خرید و فروخت ہوئی اور اس کے دام 27.43 روپے سے شروع ہوکر 25.05 روپے پر بند ہوئے۔ اسی طرح کے الیکٹرک کے 2 کروڑ 23 لاکھ 9 ہزار 500 حصص کی فروخت ہوئی جبکہ اس کے دام 9.89 روپے سے شروع ہوکر 9.89 روپے پر ہی بند ہوئے۔ قیمتوں میں اتار چڑھائو کے اعتبار سے نمایاں اضافہ نیسلے پاکستان اور رفحان میظ کے شیئرز کے داموں میں رہا جن کی قیمتیں 450 روپے اور 110.50 روپے بڑھ کر بالترتیب 9450 روپے اور 7710 روپے ہوگئیں جبکہ نمایاں کمی وائتھ پاک لمٹیڈ اور اسنوفی ایونٹس کے شیئرز کے بھائو میں ہوئی جن کے دام 151.20 روپے اور 85.89 روپے کی کمی کے بعد بالترتیب3965.13 روپے اور 2404.11 روپے رہ گئے۔

متعلقہ عنوان :