وزیر اعلی خیبر پختونخوا کی زیر صدار ت حلقہ پی کے 29 مردان میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس

ْ پرویز خٹک کی حلقہ میں جاری ترقیاتی سکیموں کو بروقت مکمل کرنے ، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال رستم کو آئندہ اے ڈی پی میں کیٹگری سی کا درجہ دینے ، کاٹلنگ ہسپتال کے لئے درکار اراضی کا فوری طور پر مسئلہ حل کرنے کی ہدایت

جمعہ 24 فروری 2017 20:39

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 فروری2017ء) وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے حلقہ PK-29 مردان میں جاری ترقیاتی سکیموں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال رستم کو آئندہ اے ڈی پی میں کیٹگری سی کا درجہ دینے جبکہ کاٹلنگ ہسپتال کے لئے درکار اراضی کا فوری طور پر مسئلہ حل کرنے کی ہدایت کی۔ وہ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میںحلقہ PK-29 ضلع مردان میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

ممبر صوبائی اسمبلی طفیل انجم، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں، ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122، کمشنر مردان، ڈی سی مردان اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ نے حلقہ PK-29میں جاری سکیموں کی پراگرس طلب کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال رستم کو کیٹگری ڈی تک اپ گریڈ کیا گیا ہے جس پر کام جاری ہے جون تک ہسپتال مکمل کیٹگری ڈی ہو جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے آئندہ بجٹ میں اس ہسپتال کو کیٹگری سی کا درجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تحصیل کاٹلنگ کی عمارت 31مارچ تک مکمل کرکے متعلقہ حکام کے حوالے کرنے جبکہ کاٹلنگ میں ریسکیو 1122کے لئے اراضی کا انتظام کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مین کنال روڈ کی تعمیر و مرمت کے لئے فنڈز کا مسئلہ بھی جلد حل کرنے کے احکامات جاری کئے۔ وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ رستم پریس کلب کے لئے سمری محکمہ خزانہ کو بھیج دی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے مذکورہ سمری جلد پہنچانے اور حلقہ PK-29 کے دس دیہات کو بجلی کی فراہمی پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو اس سلسلے میں بتایا گیا کہ مذکورہ دیہات کو بجلی کی فراہمی کے منصوبوں پر مارچ میں ٹینڈر ایوارڈ ہوں گے اور مارچ کے آخر تک کام شروع کر دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :