پاکستان میں جمہوریت کی آڑ میں بادشاہت چل رہی ہے ، شریفیہ اور اشرفیہ مل کرعوام کا خون چوس رہے ہیں ‘ حکمرانوں کو سانحہ ماڈل ٹائون کا حساب دینا پڑے گا ‘ قوم طاہر القادری کی قیادت میں متحد ہو کر انقلاب کیلئے کردار ادا کرے

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی جنرل سیکرٹری خرم نواز گنڈا پور کا پریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ 24 فروری 2017 20:32

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 فروری2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی جنرل سیکرٹری خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت کی آڑ میں بادشاہت چل رہی ہے ، شریفیہ اور اشرفیہ مل کرعوام کا خون چوس رہے ہیں ، حکمرانوں کو سانحہ ماڈل ٹائون کا حساب دینا پڑے گا ۔ قوم ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں متحد ہو کر انقلاب کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

اِن خیالات کااظہار اُنہوں نے یہاں پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ پی اے ٹی کے نائب ناظم اعلیٰ انجینئر محمدرفیق نجم ، کوآرڈینیٹر محمود الحسن جعفری ، ضلعی صدر ملک شفیق الرحمن ، سینئر نائب صدر گلزار حسین چوہان ، جنرل سیکرٹری سیٹھ محمد ایوب اور دیگر عہدیداران و کارکنان بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

(جاری ہے)

خرم نواز گنڈا پور نے مزید کہا کہ جمہوریت میں عوام کو انصاف ، صحت اور تعلیم کی مفت فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے مگر وطن عزیز میں حکمرانوں کی چھتری کے نیچے کرپشن ، بدعنوانی اور عوامی حقوق کی لوٹ مار کا سیلاب آیا ہوا ہے ۔

حکومتی وزراء ایک خاندان کی کرپشن پر پردہ ڈالنے کے لئے کبڈی کبڈی کھیل رہے ہیں ۔ پرویز مشرف دور کے اختتام پر قوم 37بلین غیر ملکی قرضوں کی مقروض تھی جو اب 71 بلین قرضے کے بوجھ تلے دب چکی ہے ۔ اُنہوں نے کہاکہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری پاکستان میں حقیقی جمہوریت کے لئے مصروفِ عمل ہیں ۔ قوم اگر اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ بنانا چاہتی ہے تو اُسے اپنے ضمیر کو جگانا اور لٹیروںکو ووٹ کی طاقت سے آئوٹ کرنا ہو گا ، اُن کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے سانحہ ماڈل ٹائون کے شہداء کے کیس سے دستبرداری کے لئے پچاس پچاس کروڑ روپے دینے کی پیشکش کی مگر ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اسے ٹھکرا دیا اور شہداء کے مجرمان کو سزا سے کم کسی چیز پر سمجھوتہ کرنے سے انکار کر دیا ۔

اُنہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ وقت ک اہم ترین ضرورت ہے مگر ہمارا ملک کرپشن کی جس دلدل میں ڈوبتا جا رہا ہے وہ دہشت گردی سے بھی کہیں بڑا خطرہ ہے ، قوم کو تاریخ سے سبق لے کر اب جاگنا ہو گا ۔