پنجاب حکومت آئندہ تعلیمی سال سے بچوں کو مفت کتابوں کے ساتھ سکول بیگز بھی فراہم کرے گی ، سالانہ 80 کروڑ روپے خرچ ہونگے،پہلے مرحلے میں سرکاری سکولوں کے 25 لاکھ سے زائد طلبہ کو سکول بیگ دیئے جائیں گے

والدین کے مالی بوجھ کو کم کرنے کیلئے سکول بیگ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، وزیرتعلیم رانا مشہود احمد خاں

جمعہ 24 فروری 2017 19:24

لاہور۔24 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2017ء) پنجاب حکومت آئندہ تعلیمی سال سے بچوں کو مفت کتابوں کے ساتھ سکول بیگز بھی فراہم کرے گی ، سکول بیگز پرسالانہ 80 کروڑ روپے خرچ ہونگے۔تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے کم آمدنی والے طبقے کا بوجھ کم کرنے کے لئے پہلی ، چھٹی اور نویں جماعت کے بچوں کو مفت کتابوں کے ساتھ ساتھ سکول بیگز بھی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے،منصوبے کے پہلے مرحلے میں سرکاری سکولوں کے 25 لاکھ سے زائد بچوں کو سکول بیگ دیئے جائیں گے جس پر حکومت کا سالانہ اسی کروڑ روپے خرچہ آئے گا۔

صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے ’’اے پی پی‘‘ کوبتایا کہ حکومت ہر گزرتے دن کے ساتھ معیار تعلیم میں بہتری لا رہی ہے اس ضمن میں سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کے والدین کے مالی بوجھ کو کم کرنے کے لئے حکومت نے بچوں کو مفت کتابوں کے ساتھ سکول بیگ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سکول کے بچوں کے پاس کتابوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے اس لئے بچوں کو کتابوں کے ساتھ مفت بیگز بھی ملنے چاہیں جو کہ پڑھو پنجاب ، بڑھو پنجاب منصوبے کے تحت دئیے جائیں گے ۔

صوبائی وزیر تعلیم پنجاب نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے جو بیگ بچوں کو فراہم کئے جائیں گے وہ تقریبا چار سال استعمال ہوسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں پہلی ، چھٹی اور نویں جماعت میں پچیس لاکھ سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں جن کو مفت سکول بیگ دینے پر حکومت کا سالانہ اسی کروڑ روپے خرچہ آئے گا۔انہوںنے بتایا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے یہ منصو بہ آئندہ تعلیمی سال کے آغاز سے شروع کیا جائے گا جس کے تحت پہلے مرحلے میں40 کروڑ روپے سے پہلی ، چھٹی اور نویں جماعت کے طلباء کوسکول بیگز دیئے جائیں گے۔

ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سکولز ایجوکیشن پنجاب رانا حسن اختر نے اے پی پی کو بتایا کہ سرکاری سکولوں کے بچوں کو مفت بیگ کی فراہمی کے منصوبے پر ورکنگ جاری ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد صوبہ بھر کے چیف ایگزیکٹو آفیسرزایجوکیشن کو احکامات جاری کردئیے جائیں گے۔