کرپشن، مذہبی انہاپسندی اور دہشتگردی ملک کی جڑوں کو کمزور کر رہی ہے ،سید جلال محمود شاہ

سیہون شریف سانحہ اور ملک میں دیگر دہشتگردی کے واقعات کے بعد حکمران فقط 144 کی دفعہ لگا کر خودکو بری الذمہ قرار دیتے ہیں،صدر سندھ یونائیٹڈ پارٹی

جمعہ 24 فروری 2017 17:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2017ء) سندھ یونائیٹیڈ پارٹی کے مرکزی صدر سید جلال محمود شاہ نے کہا ہے کہ کرپشن، مذہبی انہاپسندی اور دہشتگردی ملک کی جڑوں کو کمزور کر رہی ہیں پر حکمران ان سے خوفزدہ ہیں اور اپنی حکومت کی میعاد پوری کرنے کے چکر میں کو ئی بھی اقدام کرنے سے گھبرا رہے ہیں۔ سیہون شریف سانحہ اور ملک میں دیگر دہشتگردی کے واقعات کے بعد حکمران فقط 144 کی دفعہ لگا کر خودکو بری الذمہ قرار دیتے ہیں، کیوں کہ ان کے پاس عوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیئے کوئی بھی مٴوثرمنصوبا بندی نہیں ہے۔

سندھ یونائیٹیڈ پارٹی سے خوفزدہ ہو کر کراچی میں ’سندھ مارچ‘ کے اعلانیہ روٹ پر دفعہ 144 لگا یا گیا، جس عمل سے پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی بدنیتی عیاں ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

ایس یو پی ایک پرامن اور پارلیامانی سیاست کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ حکمرانوں کے خلاف وائیٹ پیپر جاری کرنے کے لیے 26فروری کو حیدرآباد میں مڈوے ہوٹل جیل روڈ سے حیدر چوک حیدرآباد تک ’سندھ مارچ‘ کیا جائیگا۔

پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ کرپشن، مذہبی انتہاپسندی اور دہشتگردی کے خلاف ہونے والے پرامن سندھ مارچ کے آگے کسی بھی قسم کی رکاوٹیں کھڑی نہ کی جائیں، خراب حالات کی ذمیداری سندھ حکومت پر عائد ہوگی۔ سیدجلال محمود شاہ نے پاک افواج کی جانب سے ملک میں دہشتگردوں کے خلاف شروع کیا گیا آپریشن ’ردالفساد‘ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ یونائیٹیڈ پارٹی کا بھی یہ دیرینہ مطالبہ رہا ہے کہ بغیر کسی فرق کہ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن ہو، اور اچھے یا برے طالبان کا تصور بھی ختم ہونا چاہیے۔

سندھ یونائیٹیڈپارٹی کے مرکزی صدر سید جلال محمود شاہ نے سندھ کے عوام کو اپیل کہ کل 26 فروری پر کرپشن، مذہبی انتہاپسندی اور دہشتگردی کے خلاف حیدرآباد میں ہونے والے ’سندھ مارچ‘ میں کثیر التعداد میں شرکت کرکے ثابت کریں کہ وہ ایماندار، روادار اور امن پسند قوم ہیں۔

متعلقہ عنوان :