کاروباری برادری آپریشن رد فساد کی بھرپور حمایت کرتی ہے، میاں زاہد حسین

جنرل باجودہ افغانستان سے تعلقات بہتر بنا رہے ہیں،دہشت گرد عوام کو خوفزدہ ، اقتصادی راہداری کو نقصان نہیں پہنچا سکتے، بیان

جمعہ 24 فروری 2017 14:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 فروری2017ءپاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر ،بزنس مین پینل کے سینیئر وائس چیئر مین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کی حالیہ لہر کے تناظر میں بری اقداج کے سربراہ جنرل قمر باجودہ کی جانب سے عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن رد فساد کا آغاز خوش آئند ہے۔

ملک بھر کی کاروباری برادری پاک فوج اور حکومت کے ساتھ ہے اور کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریگی۔ میاں زاہد حسین نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ عوام اور کاروباری برادری کو مسلح افواج سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں اور وہ کبھی دہشت گردوں کو عوام کو ہراساں کرنے ، ملکی ترقی کا عمل متاثر کرنے اور اقتصادی راہداری کے منصوبہ کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔

(جاری ہے)

ملک بھر میں غیر قانونی اسلحے اور بارودی موادکے خلاف مہم اور پنجاب میں رینجرز کو پولیس کے اختیارات دے کر تعینات کرنا خوش آئند ہے کیونکہ کراچی میں عوام اور کاروباری برادری رینجرز کے کردار سے مطمئن ہیںاورکراچی کی روشنیاں لوٹانے کا سارا سہرا رینجرز کے سر ہے۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنے کیلئے پاکستان اور افغانستان کا ایک صحفہ پر ہونا ضروری ہے جبکہ حکومت کے جانب سے فوج کو پڑوسی ملک میں کاروائی کی اجازت دینا خوش آئند ہے۔

حال میں میں بری افواج کے سربراہ نے جو بیانات جاری کئے ہیں ان سے افغانستان کے بارے میں پالیسی کی تبدیلی اور تعاون میں اضافہ کا پتہ چلتا ہے جس سے دونوں ممالک کے سیکورٹی ادارے اور عوام قریب آئیں گے۔انھوں نے کہا کہ پشاور کے سکول پر دہشت گردوں کے حملہ کے بعد نیکٹاسے بڑی امیدیں وابستہ کی گئی تھیں مگر یہ غیر فعال محکمہ زبانی جمع خرچ کے علاوہ کچھ نہ کر سکتا اسلئے اس پر مزید وسائل ضائع نہ کئے جائیں۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کو ہوا دینے والی تنظیموں اور شخصیات کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔