او آئی سی اور عرب لیگ کے رکن ممالک کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے تک بھارت کا سیاسی معاشی اور سفارتی بائیکاٹ کردیں، عبدالرشید ترابی

جمعہ 24 فروری 2017 14:31

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2017ء) جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیرکے امیر و رکن قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ او آئی سی اور عرب لیگ کے رکن ممالک کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے تک بھارت کا سیاسی معاشی اور سفارتی بائیکاٹ کریں، بھارت مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوںکو دبانے کے لئے بدترین استعماری ہتھکنڈے استعمال کررہاہے، انسان اور مسلمان ہونے کے ناطے کشمیریوں کی مدد کرنا وقت اور حالات کا تقاضا ہے۔

یہاں جاری ہونے والے پریس ریلیز کے مطابق وہ مسلم سوسائٹی یو اے ای کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ عبدالرشید ترابی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کے مظالم انتہا کو چھو رہے ہیں، ممنوعہ ہتھیاروں سے کشمیریوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے، بینائی سے کشمیریوں کو محروم کیا جا رہاہے، سکولز اور کالجز کو فوجی چھائونیوں میں تبدیل کیا ہوا ہے، کریک ڈائون کرکے کالے قوانین کی آڑ میں فوجی انسانیت سوز مظالم ڈھارہے ہیں، ان مظالم سے آگاہ کرنا کشمیریوںکی ذمہ داری ہے، بیرونی ممالک میں مقیم کشمیری مسئلہ کشمیرکے سفیر بن کر اپنا کردار ادا کریں، کشمیرکی آزادی نوشتہ دیوار ہے، ہندوستان عملاً شکست کھا چکا ہے، وہ اپنی شکست کا بدلہ کشمیریوں سے لے رہا ہے، عالمی برادری کی خاموشی کی وجہ سے ہندوستان کواور مظالم ڈھانے کی شہ مل رہی ہے،کشمیری اپنامسئلہ پرامن طریقے سے حل کروانا چاہتے ہیں مگر ہندوستان کی ہٹ دھری کی وجہ سے یہ مسئلہ حل نہیں ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے کہاکہ راجہ فاروق حیدر کی حکومت نے اب تک اچھے اقدامات کیے ہیں ہم ان سے مطمئن ہیں،لیکن نظام کی اصلاح اور کشمیرکی آزادی کی تحریک کو منزل تک پہنچانے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے،حکومت کارخ ٹھیک ہے کاموںکی رفتار میں جو کمی کوتاہی ہے اس کو دور ہونا چاہے،جماعت اسلامی خیر اور نیکی کے کاموںمیںبھرپور تعاون کرے گی برائی اور بے حیائی کے کاموں کو روکے گی، بیس کیمپ کے حقیقی کردار کی بحالی اور آزاد خطے میں نظام کی اصلاح ہمارا ہدف ہے۔

متعلقہ عنوان :