پی آئی اے کے پائلٹ نے طیارے کو منی بس بنادیا،7مسافروں کا کھڑے ہوکر سفر کرنے کا انکشاف

معاملے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم، تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ دار کے خلاف کارروائی کی جائے گی، ترجمان پی آئی اے

جمعہ 24 فروری 2017 14:29

پی آئی اے کے پائلٹ نے طیارے کو منی بس بنادیا،7مسافروں کا کھڑے ہوکر ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 فروری2017ء)قومی ایئر لائن کے باکمال پائلٹ نے بین الاقوامی پرواز کے دوران ہوابازی کے قواعد کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے گنجائش سے زائد مسافروں کو لے جا کر کئی قیمتی زندگیاں خطرے میں ڈال دیں،کراچی سے مدینہ جانے والی پرواز پی کے 743 میں اضافی مسافروں کے سوار ہونے کے باعث 7 مسافر 3 گھنٹے سے زائد کی پرواز کے دوران کھڑے رہنے پر مجبور رہے، معاملے کی تحقیقات کے لیے پی آئی اے چیف ایگزیکٹو افسر نے کمیٹی قائم کر دی جب کہ ترجمان پی آئی اے دانیال گیلانی کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ دار کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی ای) کی کراچی سے مدینہ جانے والی پرواز پی کے 743 میں اضافی مسافروں کے سوار ہونے کے باعث 7 مسافر 3 گھنٹے سے زائد کی پرواز کے دوران کھڑے رہنے پر مجبور رہے۔

(جاری ہے)

پی آئی کا عملہ یعنی پائلٹ، سینئر ایئرہوسٹس اور ٹریفک عملہ اس معاملے کی ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈالنے کی کوشش کرتے رہے ۔ جہاز کے عملے نے اضافی مسافروں کو جمپ سیٹ پر بٹھانے سے انکار کیا لیکن جہاز کے پائلٹ نے مسافروں کو جہاز میں بٹھانے کے لیے اپنے اختیارات استعمال کیے۔

زرائع کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کے لیے پی آئی اے چیف ایگزیکٹو افسر نے کمیٹی قائم کر دی ہے جب کہ ترجمان پی آئی اے دانیال گیلانی کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ دار کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔