مئیرکراچی وسیم اختر کو بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی

عدالت نے مئیرکراچی کو 20 لاکھ روپے کی زر ضمانت جمع کرانے کا حکم بھی دیا

جمعہ 24 فروری 2017 14:29

مئیرکراچی وسیم اختر کو بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 فروری2017ء)انسداد دہشت گردی عدالت نے مئیر کراچی وسیم اختر کو ایران جانے کی اجازت دے دی ۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں مئیرکراچی وسیم اختر کے پاسپورٹ کی واپسی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ وسیم اختر نے کراچی میں ترقیاتی کاموں کے سلسلے میں ایران جانے کی درخواست دائر کررکھی تھی۔ عدالت نے مئیر کراچی کو 20 لاکھ روپے کی زر ضمانت جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے انہیں ایران جانے کی اجازت دے دی۔

(جاری ہے)

عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وسیم اختر کا کہنا تھا کہ کراچی میں میگا پروجیکٹس پر کام ہورہا ہے لیکن شہر کے مئیر کو دور رکھا جارہا ہے وفاق اور صوبائی حکومت سے اپیل کی تھی لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی، میرا بیرون ملک جانے کا مقصد کراچی ہے، شہر کے ترقیاتی کاموں کے سلسلے میں ہی ایران جارہا ہوں۔ مئیرکراچی کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کس طرح کام کروا رہی ہے اس کا علم نہیں، لاڑکانہ کا حال سب کے سامنے ہے، سیہون کی سیٹ ہمیشہ پیپلزپارٹی نے جیتی لیکن وہاں کوئی کام نہیں کیا گیا اور وہاں حکومت ایک اسپتال بھی نہیں بنوا سکی۔