نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے بارے میںایمنسٹی انٹرنیشنل اور یورپی یونین کے بیانات بھارت کیلئے چشم کشا ہیں،انجینئر رشید

جمعہ 24 فروری 2017 12:26

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2017ء) مقبوضہ کشمیرمیں نام نہاد اسمبلی کے رکن اور عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر عبدالرشید نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی طرف سے گزشتہ سال کے عوامی انتفادہ کے دوران نہتے کشمیریوں پر بھارتی فورسز کے مظالم کی تصدیق کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے بھارت کیلئے چشم کشاقراردیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انجینئر رشید نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی حکومت کو اپنے گریبان میں جھانک کر جارحانہ پالیسیوں کو ترک کرنا چاہیے ۔

انہوںنے کہاکہ ایک عالمی معتبر تنظیم نے جس طرح مقبوضہ کشمیرمیں قتل عام اور طاقت کے بے جا استعمال کا بھارتی فورسز کو براہ راست ذمہ دار ٹھہرایا اٴْس سے ثابت ہوگیا ہے کہ کشمیریوں کی تحریک کسی بھی بیرونی معاونت کا نتیجہ نہیں تھی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ رپورٹ میں کہیں بھی یہ نہیں کہا گیا ہے کہ کسی فرد ، تنظیم یا کسی خفیہ ادارے نے کہیں بھی کشمیریوں کو سڑکوں پر نکلنے کیلئے پیسے دیے تھے ۔

انہوںنے کہاکہ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم کی رپورٹ سے یہ بھی ثابت ہو گیا ہے کہ کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی طرف سے بھارتی فورسز کو بے گناہی کی سند دینا بھی سراسر غلط تھا۔انہوںنے کہاکہ رپورٹ سے بھی واضح ہوگیا ہے کہ جموںوکشمیر میںقانون نام کی کوئی چیز نہیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے لمبی چھٹی پر چلے گئے ہیں۔ انجینئر رشید نے مزیدکہاکہ یورپی یونین کی طرف سے جموںوکشمیر کو انتہائی ناز ک معاملہ قراردینا بھارت کیلئے لمحہ فکریہ ہونا چاہیے ۔

انہوںنے کہاکہ یونین کی طرف سے بھارتی اداروں کی سرزنش اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بھارت کشمیریوں کو انصاف فراہم نہیں کر رہا ہے ۔ انہوںنے یورپی یونین اور ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کے انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات کریں۔

متعلقہ عنوان :