باکمال لوگ لا جواب سروس ، قومی ائیر لائن کی مدینہ جانے والی پرواز میں 7 مسافر کھڑے ہو کر سفر کرنے پر مجبور

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 24 فروری 2017 12:09

باکمال لوگ لا جواب سروس ، قومی ائیر لائن کی مدینہ جانے والی پرواز میں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 فروری 2017ء): باکمال لوگ ، لاجواب سروس کا راگ الاپنے والی پاکستان کی قومی ائیر لائن اکثر ہی اپنے کارناموں کی وجہ سے خبروں کی زینت بنی رہتی ہے ۔ ایسا ہی ایک اور کارنامہ پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن کے نام ہوا جبکہ پی آئی اے کی کراچی سے مدینہ جانے والی پرواز میں 7 مسافر کھڑے ہو کر سفر کرنے پر مجبور ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق 20 جنوری کو کراچی سے مدینہ جانے والی پی آئی اے کی پرواز میں 7 مسافر تمام اخراجات کی ادائیگی کے باوجود کھڑے ہو کر سفر کرنے پر مجبورہو گئے۔ قومی ائیر لائن  نے حفاظتی ضوابط کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے پرواز پی کے 743 میں اضافی مسافروں کو سوار کر لیا۔ 7 مسافروں کو چار گھنٹے کی اس پرواز میں کھڑے ہو کر سفر کرنے پر مجبور کیا گیا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں ہوشیار نہ رہنے پر غلطی چھُپانے کے لیے  پرواز کے پائلٹ اوردیگر اسٹاف نے ایک دوسرے پر الزام تراشی شروع کر دی۔ قومی ائیر لائن کے بیڑے میں موجود بوئنگ 777 میں 409 مسافروں کی گنجائش ہوتی ہے لیکن بد قسمتی سے پی کے 743 میں 416 مسافر سوار تھے۔ ترجمان دانیال گیلانی کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ پرواز کے پائلٹ نے بتایا کہ جب میں کاک پٹ سے نکلا تو اسٹاف ممبر نے مجھے بتایا کہ ٹریفک اسٹاف نے اس پرواز میں کچھ زیادہ مسافر سوار کر دئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس غلطی کی پوری ذمہ داری ائیر ٹریفک اسٹاف پر عائد پر ہوتی ہے جنہوں نے فرائض کی انجام دہی میں کوتاہی کی۔