ڈیفنس دھماکہ بارودی مواد کا نہیں تھا۔ رانا ثنا اللہ

کل کا دھماکہ دہشتگردی کا واقعہ نہیں بلکہ ایک حادثہ تھا جو مبینہ طور پر گیس لیکیج کے باعث پیش آیا۔ فرانزک رپورٹ آنے تک حتمی رائے نہیں دی جا سکتی ۔ صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ کی پریس کانفرنس

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 24 فروری 2017 11:57

ڈیفنس دھماکہ بارودی مواد کا نہیں تھا۔ رانا ثنا اللہ
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 فروری 2017ء) : صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز ڈیفنس میں ہونے والا دھماکہ بارودی مواد کا نہیں ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ دھماکے کے بعد دھماکے کی نوعیت سے متعلق ماہرین کی رائے میں اختلاف تھا۔ انہوں نے کہا کہ دھماکے کے بعد کچھ لوگوں کا یہ خیال تھا کہ دھماکہ بارودی مواد سے ہوا ہے جبکہ کچھ کی رائے تھی کہ یہ دھماکہ گیس سلنڈر کی وجہ سے ہوا ہے۔

دھماکے کے فوری بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری طور پر دھماکے کی جگہ پہنچے۔ صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ گذشتہ روز ہونے والا ڈیفنس دھماکہ بارودی مواد کا نہیں تھا۔ دھماکے کی نوعیت سے متعلق فرانزک لیبارٹری کام کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

نتیجہ آنے تک حتمی رائے نہیں دی جا سکتی ۔اگر بم تھا تو اس کے پارٹس سے لوگ زخمی ہونے چاہئیے تھے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ دھماکہ جنریٹر یا گیس لیکیج کے باعث ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ابتدائی رپورٹ میں تضاد تھا ، فرانزک لیبارٹری کی تحقیقات ہونے تک تعین نہیں ہو سکتا۔ دھماکے میں سات افراد جاں بحق اور پینتیس زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کو ہر قیمت پر ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی جانیں پیش کر رہے ہیں۔ میڈیا میں گذشتہ روز ایسی خبریں چلایی گئیں جن سے شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

دہشتگردی کے خلاف جنگ قومی جنگ ہے جسے ہم سب نے مل کرلڑنا ہے۔ صوبائی وزیر قانون نے مزید کہا کہ فرانزک لیبارٹری نے دھماکے کی جگہ سے چھ سیمپل لیے۔ فرانزک رپورٹ میں کہا گیا کہ کل کا دھماکہ ایک حادثہ تھا ، دہشتگردی یا بارودی مواد کا دھماکہ نہیں تھا۔ اب تک کی تحقیقات کے مطابق شواہد کے مطابق جائے حادثہ پر گیس کی لیکیج ، سلنڈرز کی موجود گی کے شواہد ملے ہیں۔

امکان ہے کہ یہ دھماکہ گیس سلنڈرز کی موجودگی اور گیس لیکیج کے باعث پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حادثہ غفلت کا نتیجہ تھا۔ ناقص حالت میں سلنڈرز فروخت کرنے والوں نے لاپرواہی کا مظاہرہ کیا جن کے خلاف ضابطے اور قانون کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پی ایس ایل سےمتعلق بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ایس ایل کے فائن سے متعلق پرسوں اجلاس ہوا، کل دھماکے کی وجہ سے اجلاس نہ ہو سکا۔ پی ایس ایل فائنل سے متعلق اجلاس آج ہو گا جس میں تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔