دہشت گردی کا خدشہ، کراچی کے داخلی و خارجی راستوں پر سیکیورٹی بڑھانے کا حکم

محکمانہ فرائض میں کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی کسی طور پر برداشت نہیں کی جائے گی، اے ڈی خواجہ

جمعہ 24 فروری 2017 11:54

دہشت گردی کا خدشہ، کراچی کے داخلی و خارجی راستوں پر سیکیورٹی بڑھانے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 فروری2017ء) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سیکیورٹی بڑھانے کا حکم دیا ۔ آئی جی سندھ اللہ ڈنو خواجہ نے پولیس افسران اور اہلکاروں کو تمام مرکزی مساجد و امام بارگاہوں اور نماز جمعہ کے دیگر کھلے مقامات پر سیکیورٹی اقدامات انتہائی سخت کرنے کے احکامات جاری کئے ۔

ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی کے مجموعی اقدامات کو منتطمین کے تعاون سے سخت اور ٹھوس بنایا جائے۔ صوبائی سطح پر ایڈوانس انٹیلی جنس کلیکشن نظام کو تقویت دی جائے اور ہر قسم کی اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے بر وقت ریسپانس کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مشتبہ افراد، مشکوک اور لاوارث اشیاء کی کڑی نگرانی کے نظام کو مذید مؤثر بنانے کے احکامات بھی جاری کئے اور ساتھ ہی مزارات، درگاہوں پر سیکیورٹی اقدامات سے متعلق حکمت عملی اور لائحہ عمل کو فول پروف بنانے کا حکم بھی دیا۔

(جاری ہے)

آئی جی سندھ نے کہا کہ کراچی میں امن وامان کے حالات پر مؤثر کنٹرول کے ضمن میں سیکیورٹی پلان 2017 کا از سرنو جائزہ لیا جائے اور انٹیلی جنس کو ناصرف بڑھایا جائے بلکہ اس حوالے سے مضافاتی علاقوں پر خصوصی نظر رکھی جائے اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے تفویض کردہ فرائض انتہائی لگن، جانفشانی اور چابکدستی سے انجام دیئے جائیں، تمام ایس ایچ اوز اپنے اپنے علاقوں میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں۔ کراچی کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کو یقینی بنایا جائے اور محکمانہ فرائض میں کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی کسی بھی طور پر برداشت نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :