سپریم کورٹ نے مخدوم فیصل صالح حیات کی جانب سے منعقد کرائے گئے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے انتخابات کو کالعدم قرار دے دیا

جمعہ 24 فروری 2017 00:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2017ء) سپریم کورٹ نے سابق چیئرمین پاکستان فٹ بال فیڈریشن مخدوم فیصل صالح حیات کی جانب سے منعقد کرائے گئے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے انتخابات کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سر براہی میں قائم تین رکنی بنچ نے جمعرات کے روزیہ فیصلہ اس حوالہ سے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلہ کے خلاف دائر اپیلوں کی سماعت کے بعد جاری کیا ہے۔

واضح رہے کہ فیصل صالح حیات کی جانب سے چھانگلہ گلی میں 30جون 2015 کو یہ انتخابات منعقد کروائے گئے تھے۔ فاضل عدالت نے قرار دیا ہے کہ اب عدالت ہی 15مارچ سے پہلے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے انتخابات کی تاریخ مقرر کرے گی اورجب تک انتخابات منعقد نہیں ہو جاتے اس وقت تک جسٹس ریٹائر اسد منیر ہی بطور ایڈمنسٹریٹر برقرار رہیں گے۔

(جاری ہے)

عدالت کے فیصلہ کی روشنی میں فیصل صالح حیات اور کرنل احمد یار خان لودھی پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے عہدوں سے نااہل قرار پائے ہیں۔

یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے 21فروری 2017کو قرار دیا تھا کہ چیئرمین فیڈریشن فیصل صالح حیات اورسیکرٹری فیڈریشن کرنل احمد یار خان ذاتی حیثیت میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کے کسی معاملہ میں مقدمہ درج کرانے کے مجاز نہیں ہیںکیونکہ درخواست گزاروں نے خود تسلیم کیا ہے کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن ایک پرائیویٹ تنظیم ہے۔