زمین سے 39 نوری سال کے فاصلے پر زمین جیسے 7 سیارے دریافت

جمعرات 23 فروری 2017 23:52

زمین سے 39 نوری سال کے فاصلے پر زمین جیسے 7 سیارے دریافت

سائنسدانوں نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے زمین سے 39 نوری سال کے فاصلے پر واقع ایک بونے ستارے ٹریپسٹ 1‘‘ (TRAPPIST-1) کے گرد گردش کرتے 7 سیاروں کو دریافت کیا ہے۔ اس بونے ستارے اور اس کے گرد گردش کرتے 7 سیاروں کا ماحول ہمارے نظام شمشی سے کافی ملتا جلتا ہے۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ان سیاروں کا ماحول زندگی کے لیے سازگار ہے۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے انہیں ایسا کوئی ستارہ نہیں ملا جس کے گرد زمین کے سائز والے اتنے زیادہ سیارے گردش کر رہے ہوں۔

دریافت ہونے والے 7 میں سے کم از کم 3 سیارے ایسے ہیں جہاں سمندر بھی ہوسکتے ہیں اور اُن کا درجہ حرارت بھی زندگی کےلیے سازگار یعنی 0 سے 100 سینٹی گریڈ ہو سکتا ہے۔ سائنسدانوں کو ان سیاروں پر زندگی کے ثبوت ملنے کی بھی امید ہے۔

(جاری ہے)

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اُن سیاروں کی سطح ایسی ہے جو پانی کو مائع حالت میں رکھنے کےلیے مناسب ہے۔ ایسے حالات زندگی کے لیے مثالی مانے جاتے ہیں۔

سائنسدان ان سیاروں پر آکسیجن کی دستیابی کے بارے میں بھی تحقیق کر رہے ہیں۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اگلے 10 سالوں میں ٹریپسٹ 1 کے گرد گھومتے سیاروں پر زندگی کے موجود ہونے یا نہ ہونے کا پتا چلا لیا جائے گا۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ان سیارون سے ٹریپسٹ 1 زمین سے سورج کے مقابلے میں 10 گنا بڑا نظر آئے گا۔ ٹریپسٹ 1 کا رنگ گلابی رنگ کی نظر آئے گا۔

پہلے سوچا گیا تھا کہ یہ گہرا سرخ ہوگا لیکن سرخ رنگ کا بیشتر حصہ غیر مرئی شعاعوں کی وجہ سے ظاہر نہیں ہوگا۔ اگر ٹریپسٹ 1 کے سیاروں پر زندگی ہوئی تو اُن کے چیزیں دیکھنے کا انداز ویسا نہیں ہو جیسا کہ انسان زمین پر دیکھتے ہیں۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ وہاں موجود جانداروں کے پاس آنکھیں ہی نہ ہوں۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ہمارے سورج کا ایندھن ختم ہو جائے گا تو نظام شمشی ختم ہو جائے گا مگراس وقت بھی ٹریپسٹ 1 کے بچپن کے دن ہونگے۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ اپنا ایندھن بہت کفایت شعاری سے خرچ کر رہا ہے۔ ٹریپسٹ 1 اتنا ٹھنڈا ہے کہ اس کے قریب ترین سیارے پر بھی پانی موجود ہو سکتا ہے۔سائنسدانوں کےمطابق ٹریپسٹ 1 اگلے 10 ٹریلین سالوں تک زندہ رہے گا جو کائنات کی عمر کے مقابلے میں 700 گنا زیادہ ہے۔ اس لیے آج نہیں تو آنے والے دنوں میں یہاں زندگی کے بھرپور امکان موجود ہیں۔
نظام شمشی سے باہر پہلی بار کسی سیارے کی تلاش 1990 میں شروع ہوئی تھی۔ سائنسدان اب تک 3500 سیارے دریافت کر چکے ہیں جو 2675 مختلف نظاموں میں پھیلے ہوئے ہیں۔