امریکہ کے ڈپٹی چیف آف مشن اور قونصل جنرل کراچی کا موئن جو دڑو کا دورہ

جمعرات 23 فروری 2017 22:32

لاڑکانہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2017ء) امریکہ کے پاکستان میں متعین ڈپٹی چیف آف مشن جوناتھن پریت نے قونصل جنرل کراچی شیلٹن کے ہمراہ پانچ ہزار سال قدیم آثار قدیمہ کے آثارات موئن جو دڑو کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے موئن جو دڑو کے آثارات اور میوزیم کا دورہ کیا جہاں انتظامیہ کی جانب سے انہیں بریفنگ بھی دی گئی۔

جاری اعلامیہ کے مطابق امریکہ کے پاکستان میں متعین ڈپٹی چیف آف مشن جوناتھن پریت نے کہا کہ دورے کا سب سے دلچسپ حصہ موئن جو دڑو کے پانچ ہزار سال قدیم کالج کو دیکھنا تھا جو کہ یہاں کے لوگوں کے واضح طور پر تعلیم پر یقین رکھنے کی مثال ہے، تعلیم تک رسائی ہی کسی بھی معاشرے کی ترقی کی کنجی ہے سندھ میں آج بڑی تعداد میں کالج اور یونی ورسٹیاں موجود ہیں جو پاکستان کے مستقبل کے رہ نماؤں کو تعلیم فراہم کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جوناتھن پریت نے کہا کہ گذشتہ ہفتہ کے حملوں کے تناظر میں ایک متحد رکھنے والی قوت کے طور پر پاکستان کے تاریخی اور ثقافتی شعور کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ کاشف ٹیپو اور مئیر لاڑکانہ محمد اسلم شیخ نے انہیں سندھی ٹوپی،اجرک اور ہاتھ سے بنائی جانے والی رلی کے بھی تحائف پیش کئے۔ موئن جو دڑو کے دورے کے بعد انہوں نے قائد عوام انجئیرنگ کالج اور لیڈیز کلب لاڑکانہ کا بھی دورہ کیا۔

متعلقہ عنوان :