راولپنڈی،سمگل شدہ سگریٹ کی فروخت اور غیر معیاری تمباکوکی ترسیل کے خلاف کریک ڈائون

جمعرات 23 فروری 2017 22:17

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2017ء) چیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس راولپنڈی کی ہدایات پر ایف بی آر کی ٹیموں نے راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں غیر ملکی سمگل شدہ سگریٹ کی فروخت اور غیر معیاری تمباکوکی ترسیل کے خلاف کریک ڈائون کے دوران کروڑوں روپے مالیت کے تمباکو کے 6کنٹینرز قبضے میں لے لئے۔ چیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس راولپنڈی تنویر اختر ملک کی ہدایات پر غیر ملکی سمگل شدہ اور مقررہ نرخ سے کم قیمت سگریٹ فروخت کرنے اور غیر معیاری تمباکو کے خلاف جاری مہم کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر شجاعت علی خان کی نگرانی میں انسپکٹر راشد شاہ ‘آڈیٹرز طاہر امیر اور عثمان شوکت پر مشتمل ٹیموں نے راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں کامیاب کارروائیوں کے دوران چکوال سے کروڑوں روپے مالیت کے 6کنٹینرز پکڑے لئے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ تمباکو ایک بند فیکڑی کے گودام میں چھپایا گیا تھا ۔ابتدائی پوچھ گچھ میں تصدیق ہوئی کہ یہ تمباکو آزاد کشمیر میں منتقل کر کے سگریٹس تیار کر کے پنجاب بھر میں سپلائی کرنے تھے ۔اسی طرح سجاد ٹریڈز سے سمگل شدہ سگریٹ کے 13کاٹن ‘بوبی پان شاپ سے غیر ملکی سگریٹس ‘ جی ٹی روڈ گوجر خان میں پی ایس او پمپ کی ٹک شاپ سے غیر ملکی سگریٹس کی بھاری مقدار برآمد کی گئی ہے ۔اسی طرح مقامی سطح پر تیار کئے گئے مقررہ نرخ سے کم نرخ پر سگریٹ فروخت کرنے والوں کے خلاف بھی کریک ڈائون جاری ہے۔