غریب ومجبور خواتین کو تمام ضروری مواقع اور سہولتیں فراہم کرنی چاہئیں،قائم مقام گورنر راحیلہ درانی

جمعرات 23 فروری 2017 22:12

کوئٹہ۔23فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2017ء) قائم مقام گورنر بلوچستان راحیلہ حمید خان درانی نے کہا ہے کہ کسی بھی معاشرے میں قیادت کی قدروعظمت محروم ومظلوم طبقات کی مدد اور خدمت کرکے انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے اور معاشرے میں باعزت اور کارآمد رکن بنانے کا عظیم اور مقدس فریضہ سرانجام دینے کے باعث ہے۔ اس ضمن میں ہمیں بھی نادار اور مستحق افراد بالخصوص غریب ومجبور خواتین کو تمام ضروری مواقع اور سہولتیں فراہم کرنی چاہئے تاکہ وہ ملکی وقومی ترقی وخوشحالی میں نہ صرف بڑھ چڑھ کر حصہ لے سکیں بلکہ اپنا مؤثر کردار بھی ادا کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز گورنر ہاؤس کوئٹہ میں محترمہ دیدار مینگل اور صدام علی قاضی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خواتین کا تمام شعبوں میں کردار لائق تحسین ہے۔ ہماری خواتین نے تمام شعبوں میں بہترین خدمات اور قربانی کی بدولت اپنی کارکردگی سے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ بھی صلاحیتوں یا کام کے لحاظ سے کسی بھی طرح کم تر نہیںہیں۔

انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ آج ملک وصوبے کے دورافتادہ علاقوں میں خواتین کی اکثریت ناخواندہ ہے وہ بھی کھیتوں میں کام کرکے اپنے مردوں کا ہاتھ بٹاتی ہیں جبکہ بہت سی خواتین اپنے گھروں میں سلائی، کڑھائی اور کشیدہ کاری وغیرہ کا کام کرکے نہ صرف اپنے خاندان کی آمدنی میں اضافہ کرتی ہیں بلکہ مجموعی طور پر قومی پیداوار میں بھی اضافہ کا باعث بنتی ہیں۔

ہمیں چاہیئے کہ ہم ایسی خواتین کی حوصلہ افزائی کریں اور انہیں ایسا ماحول فراہم کریں جہاں وہ اپنی بہترین صلاحیتوں کو کام میں لاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اور غیرسرکاری سطح پر صحت وصفائی، تعلیم اور سماجی بہبود کے شعبوں میں محروم اور مظلوم طبقات کی مدد اور خدمت کے لئے آگے بڑھنے والے ہاتھ قابل فخر ہوتے ہیں۔ انہوں نے سماجی خدمت گاروں پر زور دیا کہ وہ معاشرے کے تمام قابل، حساس اور درد رکھنے والے خدمت گاروں اور اہل علم ودانش کے ساتھ لے کر آگے بڑھیں اور خلق خدا کی خدمت پر بھرپور توجہ مرکوز رکھیں۔

متعلقہ عنوان :