پشاور، مولانا عبدالغفور حیدری کا عالمی اجتماع کے پنڈال کا دورہ

جمعرات 23 فروری 2017 22:12

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2017ء) عالمی اجتماع خطہ کی صورتحال کا نقشہ بدل دیگا، امن اور یکجہتی کے لئے جدوجہد کررہے ہیں، ملک میں اقتصادی انقلاب برپا کرنے کیلئے سی پیک منصوبہ کی کامیابی وقت کی اہم ضرورت ہے، ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل و ڈپٹی چئیرمین مولانا عبدالغفور حیدری نے اضاخیل نوشہرہ میں رائل ہوم سٹی میں عالمی اجتماع کے پنڈال کے دورہ کے موقع پر مختلف اضلاع کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ ملک بھر اور بیرون ممالک سے فرزندان توحید عالمی اجتماع میں شریک ہو کر اسلام کی سربلندی ،قرآن وسنت کے نفاز کیلئے جمعیت علماء اسلام کے پلیٹ فار کے نیچے تجدید عہد کرینگے، انھوں نے کہا کہ مسلم امہ اور عالم اسلام کے خلاف صہیونی سازش عروج پر پھنچ چکی ہیں عالمی امن تیہ بالاکرکے اپنے عزائم کی تکمیل کی جارہی ہے، مسلمانوں کو کچل کر نسل کشی کی جارہی ہے، معصوم بچوں کا قتل عام، خواتین کی بے حرمتی اور دنیا بھر میں قتل وغارت گری مخصوص عزائم اور سازش کا حصہ ہے، انھوں نے کہا کہ عالمی اجتماع دنیا کو امن اور یکجہتی کا پیغام دیگی، اور مظلوم قوتوں کیلئے نوید انقلاب ثابت ہو گی، جبکہ دنیا بھر کے لاکھوں عوام کی شرکت سے تما تر سازشیں اپنی آخری انجام کو پہنچ جائینگی، انھوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان میں صنعتی اور اقتصادی انقلاب برپا کریگا، اور اسکی کامیابی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :