بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا سیاچن کا دورہ ، گیاری کی یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی

جمعرات 23 فروری 2017 22:04

بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا سیاچن کا دورہ ، گیاری کی یادگار ..
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2017ء) بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعرات کو سیاچن کا دورہ کیا اور گیاری کی یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے شہداء کی قربانیوں سے آزادی حاصل کی۔ وطن کے دفاع کے لئے جان قربان کرنے سے زیادہ کوئی اور بڑی بات نہیں ہو سکتی۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق گوما اور گلگت میں فوجیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم سب کو پاکستان کا فوجی ہونے اور دشوار گزار علاقوں یا موسمی مشکلات سے قطع نظر وطن عزیز کا دفاع کرنے پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ داخلی سیکیورٹی چیلنجوں کا سامنا کرنے کے باوجود ہم مشرق سے مستقل خطرہ کا موثر جواب دینے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔ بعد ازاں بری فوج کے سربراہ نے گلگت بلتستان کے معززین سے بات چیت کی اور انہیں یقین دلایا کہ وفاق کے حصہ کے طور گلگت بلتستان کے حقوق کو یقینی بنانے کے لئے فوج تمام اقدامات کی مکمل حمایت کررہی ہے۔ قبل ازیں سکردو پہنچنے پر چیف آف آرمی سٹاف کا استقبال کمانڈر راولپنڈی کور لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا نے کیا۔