مادر وطن کیلئے جان کی قربانی دینے سے بڑی سعادت کوئی نہیں،آرمی چیف

اندرونی چیلنجز سمیت مشرقی سرحد پر درپیش خطرات سے مقابلہ کرنے کیلئے ہم ہر وقت تیار ہیں،پاکستان کی آزادی شہداء کی مرہون منت ہے،جنرل قمر جاوید باجوہ کا سیا چن محاذ کا دورہ

جمعرات 23 فروری 2017 21:34

مادر وطن کیلئے جان کی قربانی دینے سے بڑی سعادت کوئی نہیں،آرمی چیف
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 فروری2017ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مادر وطن کیلئے جان کی قربانی دینے سے بڑی سعادت کوئی نہیں، پاکستان کی آزادی شہداء کی مرہون منت ہے، پاک فوج کا سپاہی ہونے پر فخر ہے، اندرونی چیلنجز سمیت مشرقی سرحد پر درپیش خطرات سے مقابلہ کرنے کیلئے ہم ہر وقت تیار ہیں۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جمعرات کے روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دنیا کے بلند ترین محاذ سیا چن کا دورہ کیا، کورکمانڈر راولپنڈی لیفٹننٹ جنرل ندیم رضا نے آرمی چیف کا استقبال کیا، آرمی چیف نے سیاچن بارڈر پر تعینات پاک فوج کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سہراتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو پاک فوج کا سپاہی ہونے پر فخر ہے،دشتوار گزار راستوں اور سخت موسم میں مادر وطن کا دفاع کرنے پر فخر ہے، مادر وطن کی خاطر جان کی قربانی پیش کرنے سے بڑھ کر سعادت کوئی نہیں ہے، ہماری آزادی شہدا کی قربانیوں کا نتیجہ ہے، پاک فوج پاکستان کو اندرونی چیلنجز سمیت مشرقی سرحدوں پر ہر قسم کے خطرات کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہے ، اس موقع پر آرمی چیف سے گلگت بلتستان کے معزز عمائدین نے بھی ملاقات کی، ملاقات میں آرمی چیف نے کہا کہ گلگت بلتستان کے حقوق کیلئے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں، آرمی چیف نے گیاری سیکٹر میں شہیدہونے والے پاک فوج کے جوانوں کی یادگار شہدا ء پر بھی حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

(وقار)