فیصل آباد: نئی تعمیرات میں قدرتی پتھروںکا استعمال، فیصل آباد کو ماربل ، گرینائٹ سمیت دیگر پتھروں کی بڑی مارکیٹ بنا دیا ہے،میاں محمد ادریس

پاکستان معدنیات کی دولت سے مالامال ملک ہے ان سے بھرپور طریقے سے فائدہ اٹھائیں، سابق صدر فیصل آباد چیمبر کی گفتگو

جمعرات 23 فروری 2017 21:11

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 فروری2017ء) نئی تعمیرات میں قدرتی پتھروں کے بڑھتے ہوئے استعمال نے فیصل آباد کو ماربل اور گرینائٹ سمیت دیگر پتھروں کی بہت بڑی مارکیٹ بنا دیا ہے اور اس سلسلہ میں ایک ہی جگہ پر مختلف قسم کی اقسام کے پتھروں کی دستیابی کیلئے مدینہ ٹاؤن میں کوہسار ہوم کا قیام ایک اہم پیش رفت ہے۔ یہ بات فیصل آباد انڈسٹریل ایسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے چیئرمین اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامر س اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر میاں محمد ادریس نے کوہسار ہوم کے شو روم کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔

میاں محمد ادریس نے کہ کہ پاکستان میں اس وقت بھی ایک کروڑ سے زیادہ مکانوں کی قلت ہے ۔ فیصل آباد کی تیز رفتار معاشی ترقی کی وجہ سے یہاں کی مڈل کلاس میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور جن لوگوں کو معاشی آسودگی میسر آتی ہے ان کی پہلی ترجیح اپنے لئے چھت کی تعمیرہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ مکان ، دوکانیں یا دوسری تعمیرات طویل عرصہ کیلئے تعمیر کی جاتی ہیں۔

اس لئے ان تعمیرات کو مضبوط اور پائیدار بنانے کے ساتھ ساتھ اس کی خوبصورتی پر بھی خاص توجہ دی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے تمام صوبوں میں ماربل، گرینائٹ اور اونکس کا پتھر وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے ملکوں میں ان پتھروں کو جدید مشینوں پر کاٹ کر استعمال کے قابل بنایا جاتا ہے ۔ تاہم پاکستان میں ابھی یہ صنعت پوری طرح ترقی نہیں کر سکی جس کی وجہ سے پہاڑوں کو کاٹ کر پتھر نکالنے کی بجائے دھماکے سے ان کو اڑاکر پتھر نکالا جاتا ہے جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں پتھر ضائع ہو جاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں پہاڑوں کو کاٹ کر پتھروں کو نکالنے کی اشد ضرورت ہے اور اس سلسلہ میں نئے سرمایہ کاروں کو آگے آنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان معدنیات کی دولت سے مالامال ملک ہے اور ہمیں چاہیئے کہ ان سے بھرپور طریقے سے فائدہ اٹھائیں اور ان کی برآمدات پر بھی توجہ دی جائے۔ میاں محمد ادریس نے کوہسار ہوم کے قیام کو فیصل آباد کے لوگوں کیلئے ایک تحفہ قرار دیا اور کہا کہ یہاں ہر قسم کے پتھر کی ٹائلز مناسب نرخوں پر دستیاب ہونگی ۔

انہوں نے فیصل آباد میں پتھر کے شعبہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور اس اہم شعبہ سے منسلک افراد پر مشتمل تنظیم کے قیام پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر انہوں نے باقاعدہ فیتہ کاٹ کر کوہسار ہوم کا افتتاح بھی کیا۔ تقریب میں میاں آفتاب احمد، میاں محمد رفیع آف بھلوال ایمبرائیڈری، ریحان نسیم بھراڑہ،چوہدری محمد اصغر اور عابد مسعود بھی موجود تھی

متعلقہ عنوان :