پشاور ، زراعت، لائیوسٹاک،ماہی پروری اور ایریگیشن کی پیداوار میں اضافے کیلئے اقدامات کیے جائیں،گورنرخیبرپختونخوا

فاٹا میں ان تمام شعبوںکی بہتری سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، انجینئراقبال ظفرجھگڑا

جمعرات 23 فروری 2017 21:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 فروری2017ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے فاٹاسیکرٹریٹ کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ زراعت، لائیوسٹاک،ماہی پروری اور ایریگیشن کے شعبوں کی کارکردگی بہتربنانے اور پیداوار میں اضافے کیلئے جامع اور موثر اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ فاٹا میں ان تمام شعبوںکی بہتری سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

وہ جمعرات کے روز گورنرہاؤس پشاورمیں زراعت کے حوالے سے ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا فداوزیر، سیکرٹری پی اینڈ ایل ڈی ڈی فاٹاعبداللطیف، ڈائریکٹرایگریکلچر اوردیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں گورنر کو فاٹا میں زراعت کے حوالے ایک تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایاگیاکہ فاٹامیں کل 0.696 ملین ہیکڑ رقبہ قابل کاشت ہے جس میں سے صرف 0.23ملین ہیکڑزمین پرکاشت ہورہی ہے۔

اجلاس میں یہ بات بھی بتائی گئی کہ آبپاشی کے وسائل کو ترقی دینے کیلئے فاٹامیں 16 چھوٹے ڈیمز ہیں جن سے 7686 ایکڑ زمین سیراب ہورہی ہے۔ گورنرنے مختلف نکات کے حوالے سے کہاکہ زراعت، لائیوسٹاک اور فشریز کے شعبوںپرمزید توجہ دے کر نہ صرف کاشتکاروں کے وسائل میں اضافہ کیاجاسکتاہے بلکہ نوجوانوں کیلئے روزگار اور آمدن بڑھانے کے مواقع بھی پیدا کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ زراعت کاشعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ فاٹا میں قابل کاشت رقبہ میں اضافہ کیلئے زراعت کو جدیدسائنسی بنیادوں پرترقی دینے اور اس میں تحقیق وایجاد پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔#

متعلقہ عنوان :