ضلع اٹک میںایجوکیشن ، ہیلتھ،کورٹس اور دیگر اہم اداروں کی سیکورٹی کے لیے جائزہ اجلاس

جمعرات 23 فروری 2017 21:01

اٹک۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2017ء) ضلع اٹک میںایجوکیشن ، ہیلتھ،کورٹس اور دیگر اہم اداروں کی سیکورٹی کا جائزہ لینے کے لیے ڈی پی او اٹک زاہد نواز کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ای او ایجوکیشن اٹک عبدالشکورانجم ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر جاوید چودھری اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ڈی پی او اٹک زاہد نواز نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں یہ امر بہت ضروری ہے کہ ہم اپنے اداروں میں کام کرنے والے افراد کی سکیورٹی کویقینی بنانے کے لیے سکیورٹی اقدامات پر کڑی نظر رکھیں ۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی پولیس بھی حکومت پنجاب کی ہدایات پر ضلع بھر کے سرکاری اداروں کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے متعد د اقدامات کررہی ہے تاکہ ان اداروں میں کام کرنے والے افراد کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ضلع بھر کے سرکاری اداروں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں جو ان اداروں کی سکیورٹی کے بارے میں سفارشات مرتب کریں گی۔

ڈی پی او اٹک زاہد نواز نے اجلاس میںموجود تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ارگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور اپنے ادارے کے آس پاس کسی بھی مشکوک شخص یا حرکت کے بارے میں ضلعی انتظامیہ کو بروقت آگاہ کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو تدارک پذیر ہونے سے قبل ہی روکا جاسکے۔اجلاس میں ضلع بھر کے اے پلس اور اے کلاس سکولوں کی سکیورٹی پر تفصیلی بحث کی گئی اور ان سکولوں کی سکیورٹی چیکنگ کے لیے کمیٹیاں تشکیل دی گئیں جو ستائیس فروری تک اپنی رپورٹ ڈی پی او آفس اٹک کو ارسال کریں گی۔