Live Updates

فاٹاکا صوبہ خیبر پختونخوا کے ساتھ فوری انضمام وقت کی اہم ضرورت اور قبائلی عوام کی دیرینہ خواہش ہے ،وفاقی حکومت فاٹا میں عمران خان کی عوامی مقبولیت سے خائف ہونے کی وجہ سے فاٹا کو صوبے کے ساتھ ضم کرنے کی راہ میںرکاوٹیں پیدا کرنے کی کوششیںکر رہی ہے

سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصرکی وفد سے گفتگو

جمعرات 23 فروری 2017 21:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 فروری2017ء) سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ فاٹاکا صوبہ خیبر پختونخوا کے ساتھ فوری انضمام وقت کی اہم ضرورت اور قبائلی عوام کی دیرینہ خواہش ہے ۔وفاقی حکومت فاٹا میں عمران خان کی عوامی مقبولیت سے خائف ہونے کی وجہ سے فاٹا کو صوبے کے ساتھ ضم کرنے کی راہ میںرکاوٹیں پیدا کرنے کی کوششیںکر رہی ہے جسے دونوں جانب کی عوام اورمخلص سیاسی قیادت کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

ان خیالات کا اظہار سپیکر اسد قیصر نے پی ٹی آئی فاٹا کے نمائندہ وفدجس کی قیادت حاجی اقبال کررہے تھے سے صوبائی اسمبلی میں ملاقات کے دوران کیا۔وفدمیں سید احمد جان ،ساجد مہمند ،خلیل خان اور نواب زادہ جلال الدین بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

وفد سے باتیں کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ وفاقی حکومت کے مراعات یافتہ اور مفادپرست افراد کے علاوہ فاٹا کے تمام عوام صوبہ خیبر پختونخوا کے ساتھ اشتراک کے حق میں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اورمحمودخان اچکزئی اپنے ذاتی مفاد کی خاطر فاٹا پر سیاست نہ کریں۔ سپیکر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ہمیشہ فاٹا کے عوام کے حقوق کے لئے ہر فورم پر آواز اُٹھائی ہے ۔انہوں نے کہا کہ فاٹا میں صدیوں پرانے کالے قانون ایف سی آر کا خاتمہ اب ناگزیر ہوچکا ہے،وفاقی حکومت فاٹا کے غیور عوام کو قومی دھارے میں شامل کرنے اور ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لئے فاٹا ریفارمز کمیٹی کی سفارشات پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے فاٹا کو خیبر پختونخوا کے ساتھ ضم کرنے کا اعلان کرے۔

سپیکر اسد قیصر نے پارٹی کارکنان پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ آپس کے اختلافات کو نظر اندازکرکے پارٹی کو مضبوط بنانے اور فاٹا میںپی ٹی آئی کی تنظیم سازی میں اپنابھرپور کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ 2018کے الیکشن میں پی ٹی آئی بشمول فاٹا ملک بھر میںبھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :