ڈپٹی کمشنر ڈی جی خان کا حضرت سخی سلطان دربار کادورہ ،سکیورٹی اور سہولیات کی فراہمی کاجائزہ لیا

جمعرات 23 فروری 2017 20:01

ڈی جی خان۔23 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2017ء) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان اللہ رکھاانجم نے برصغیر کے روحانی پیشوا حضرت سید احمد سلطان المعروف سخی سرورؒ کے دربار کا دورہ کیا ․15اپریل تک جاری رہنے والے عرس کی 60روزہ تقریبات کے سلسلے میں سکیورٹی اور سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیااس موقع پر قائمقام ڈی پی او چودھری سجاد حسین گجر ، اسسٹنٹ کمشنر کوٹ چھٹہ عبدالجبار ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر منورعباس ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹراطہر سکھانی ، ڈاکٹر محمد عابد ، ڈی ایس پی بشیر احمد اعوان ، زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف افضال حسین نقوی ، منیجر اوقاف حماد حسن ، رسالدار بی ایم پی وقار عزیز قیصرانی سمیت دیگر متعلقہ افسران موجود تھے ․ ڈپٹی کمشنر نے دربار کے روٹس اور گلی محلوں میں ناقص صفائی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیف آفیسر کو فوری طو رپر عملہ تعینات کر کے بائی نیم ڈیوٹیاں لگانے کی ہدایات جاری کیں ․ ڈپٹی کمشنر نے زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف کو بھی مزید سکیورٹی گارڈ تعینات کرنے ، کمپلیکس اور دربار کی حدود میں سہولیات کی فراہمی اور سکیورٹی انتظامات بہتر کرنے کے حوالے سے احکامات جاری کیی․ دربار سے ملحقہ دکانوں کی سرچنگ ، سوئپنگ روزانہ کی بنیاد پر کرنے اور ویران عمارتوں کو سیل کرنے کے بھی احکامات جاری کیے گئی․ ڈپٹی کمشنر نے حضرت سخی سرور ؒ کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی ․ انہوںنے دربار کے مختلف شعبوں ، اوقاف کمپلیکس میں قائم کنٹرول روم ، میڈیکل کیمپ اور دیگر شعبوں کے علاوہ چلہ گاہ ، سبیل اور ارد گرد کی رابطہ سڑکوں اور گلیوں کا بھی پیدل چل کر جائزہ لیا اور ضروری احکامات جاری کئے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر اللہ رکھا انجم کو بتایاگیاکہ دربار کی سکیورٹی اور رابطہ راستوں کی نگرانی کیلئے 22خفیہ کیمرے لگا دیئے گئے ہیں ․ چہروں کی شناخت کے حامل مزید آٹھ جدید کیمرے ایک روز کے اندر نصب کر دیئے جائیں گے ․ سرچ لائٹس اور راستوں کو سیل کرنے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں علاوہ ازیں موجودہ حالات کے پیش نظر دربار حضرت سخی سرورؒ کی سکیورٹی کیلئے رینجرز کے دستے بھی پہنچ گئے ہیں ․ میجر طارق کی سربراہی میں رینجرز کے دستوں نے دربار کے راستوں او راہم مقامات کا جائزہ لیا․ بی ایم پی ، پنجاب پولیس اوردیگر سکیورٹی فورسز کی معاونت کیلئے اہم مقامات پررینجرز کی پکٹس قائم کی جائیں گی ․ دربار حضرت سخی سرورؒ کی سکیورٹی کیلئے پنجاب پولیس ، بی ایم پی ، سپیشل برانچ ،محکمہ اوقاف کے گارڈ ، سول ڈیفنس اور دیگر اہم ادارے 24گھنٹے کام کررہے ہیں۔