عراقی فورسز نے موصول کا ایئرپورٹ داعش سے چھڑا لیا،ترک حمایت یافتہ شامی باغیوں کا الباب کو آزاد کرنے کا دعویٰ

جمعرات 23 فروری 2017 19:39

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 فروری2017ء) عراقی فورسز نے داعش کے زیر قبضہ موصل کے جنوبی حصے میں موجود ایئرپورٹ کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا جبکہ ترک حمایت یافتہ شامی باغیوں نے الباب کو مکمل طور پر دہشت گرد تنظیم داعش کے جنگجوں سے صاف کر دیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراقی فورسز نے داعش کے زیر قبضہ موصل کے جنوبی حصے میں موجود ایئرپورٹ کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔

عراقی فورسز کو جیٹ طیاروں، ڈرونز اور گن شپ ہیلی کاپٹرز کی مدد بھی حاصل تھی۔ داعش کے مضبوط گڑھ رہنے والے عراق کے شمالی شہر موصل سے اس دہشت گرد تنظیم کے مکمل خاتمے کے لیے جاری عسکری آپریشن میں یہ نئی کامیابی ہے۔ عراقی فورسز قبل ازیں موصل کے مشرقی حصے کا کنٹرول حاصل کر چکی ہیں جبکہ مغربی حصے کی بازیابی کے لیے جاری آپریشن میں انہیں داعش کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

ریپیڈ ریپانس فورس سے وابستہ بریگیڈیئر جنرل عباس الجبییر نیکہا تھا کہ افواج ایئر پورٹ سے تقریبا ایک کلومیٹر کے فاصلے پر ہیں اور انشاللہ ہم شام تک وہاں پہنچ جائیں گے۔شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ نے موصل کے ایئر پورٹ کے رن وے کو تو پہلے ہی تباہ کر دیا تھا لیکن اتنے بڑے علاقے پر قبضہ حاصل کرنے سے عراقی فوج کو موصل کے جنوبی سڑک کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔

ادھر ترک حمایت یافتہ شامی باغیوں کی طرف سے اعلان کیا گیا ہے کہ انہوں نے ترک سرحد کے قریب شامی شہر الباب کو مکمل طور پر دہشت گرد تنظیم داعش کے جنگجوں سے صاف کر دیا ہے۔ سلطان مراد نامی باغیوں کے گروپ کے کمانڈر احمد عثمان نے بتایا کہ الباب کو مکمل طور پر آزاد کرا لیا گیا ہے اور اب شہر کے مختلف رہائشی علاقوں سے بارودی سرنگوں صاف کی جا رہی ہیں۔

باغیوں کے دو دیگر گروپوں کے کمانڈرز نے بھی اس خبر کی تصدیق کی ہے۔خیال رہے کہ موصل دولت اسلامیہ کا آخری اہم گڑھ ہے جبکہ شہر سے جنگجوں کو نکال باہر کرنے کی مہم گذشتہ سال اکتوبر سے جاری ہے۔دوسری جانب عراق کے دارالحکومت بغداد میں کار بم دھماکے میں7 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہو گئے۔ دارالحکومت بغداد کے قریبی علاقے امیریا کی مصروف سڑک پر رات گئے کار کے ذریعے بم دھماکا کیا گیا جس میں 7افراد ہلاک اور 30زخمی ہوگئے ۔دھماکے سے متعدد دکانوں اور کاروں کو بھی نقصان پہنچا،دھماکا اس موقع پر کیا گیا جب عراقی فورسز کی موصل کے مغربی علاقے میں داعش کے خلاف پیش قدمی جاری ہے۔تین روز قبل عراقی فورسز نے داعش کے خلا ف موصل آپریشن کی شروعات کی تھی اور اس وقت فوج شہر کے نزدیک موجود ہے۔

متعلقہ عنوان :