پنجاب پولیس نے فاٹا سے تعلق رکھنے والے شہریوں سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کررہے نوٹس سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 23 فروری 2017 19:11

پنجاب پولیس نے فاٹا سے تعلق رکھنے والے شہریوں سے متعلق سوشل میڈیا پر ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23فروری2017ء) پنجاب پولیس نے فاٹا سے تعلق رکھنے والے شہریوں سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کررہے نوٹس سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سوشل میڈیا پر منڈی بہاوالدین پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے مبینہ نوٹس نے خوب طوفان کھڑا کیا تھا۔ مذکورہ نوٹس میں عوام کو فاٹا اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے لوگوں پر نظر رکھنے اور ان سے محتاط رہنے کی تلقین کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

اس نوٹس کے منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر عوام کی جانب سے پولیس کے اس اقدام کو تعصب پسندانہ اقدام قرار دیا گیا تھا اور اس کی شدید مذمت بھی کی گئی تھی۔ تاہم اب اس حوالے سے پنجاب پولیس کے ترجمان کی جانب سے وضاحتی بیان جاری کیا گیا ہے۔ جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ نوٹس کا پنجاب پولیس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ منڈی بہاولدین پولیس نے ایسا کوئی نوٹس جاری نہیں کیا۔ اس قسم کے نوٹس سوشل میڈیا پر پھیلا کر عوام میں نفرتوں کی بیج بونے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ایسے اقدام کی شدید مذمت کی جاتی ہے۔