سیاحت کے فروغ کیلئے فرانس ٹریول ایڈوائزریز نرم کرے،منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی

جمعرات 23 فروری 2017 20:22

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2017ء) منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹوورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی ) چوہدری عبدالغفور خان نے کہا ہے کہ فرانس پاکستان کیلئے اپنی ٹریول ایڈوائزریز نرم کرے تاکہ زیادہ سے زیادہ فرنچ کوہ پیما اور سیاح پاکستان کا رُخ کریں، فرانسیسی میڈیا پاکستان کا مثبت تاثر پیش کرے۔ وہ جمعرات کو پاکستان میں متعین فرانسیسی سیکنڈ قونصل بلانک فرانسس سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے ۔

ایم ڈی پی ٹی ڈی سی نے انہیں بتایا کہ پاکستان قدرتی مناظر کے ساتھ ساتھ قدیم تہذیبوں کا امین ہے جن میں گندھارا اور وادی ِ سندھ شامل ہیں۔ پاکستان میں دنیا کے تین عظیم ترین پہاڑی سلسلے ملتے ہیں جن میں قراقرم، ہمالیہ اور ہندوکش شامل ہیں۔

(جاری ہے)

دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو بھی پاکستان میں ہی واقع ہے جو دنیا بھر کے کوہ پیمائوں کیلئے ایک چیلنج کی حیثیت رکھتی ہے۔

ایم ڈی نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے حالیہ واقعات کے باعث ضرورت ہے کہ سیاحت کی تشہیر کیلئے پبلسٹی کی جائے تاکہ منفی تاثر کو غلط ثابت کیا جا سکے۔ اسی سلسلے میں ایک خصوصی سیٹلائٹ ٹی وی کا قیام زیر غور ہے جس میں پاکستان کی ٹوورازم اینڈہاسپیٹیلٹی سے متعلق دستاویزی چلائی جائیں گی جس کی سمری وزیر اعظم کو پہلے ہی بھجوائی جا چکی ہے۔ سیاحت کے شعبے میں پبلک پرائیو ٹ پارٹنر شپ کے بغیر ترقی ممکن نہیں لہٰذا فرانسیسی سرمایہ کاروں کو متوجہ کیا جائے گا تاکہ پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں۔

پاکستانی سیاحتی لٹریچر کو فرنچ زبان میں بھی ترجمہ کیا جائے گا۔ بلانک فرانسس نے کہا کہ میں نے پاکستان میں بے شمار مقامات کی سیاحت کی ہے اور دریافت کیا کہ مناسب تشہیر نہ ہونے کے باعث دنیا کو پاکستان کی خوبصورتی کے بارے میں معلومات نہیں ہیں۔ حکومت ِ پاکستان کے تعاون سے پی ٹی ڈی سی کوششیں کرے تو غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔

فرانسیسی لوگ سیروسیاحت اور کوہ پیمائی کے دلدادہ ہیںاور پاکستان آنا چاہتے ہیں ۔ ہم کوشش کریں گے کہ فرانسیسی میڈیا میں پاکستان کا مثبت تاثر پیش کیا جائے اور ٹریول ایڈوائزیرز نرم کرنے کی کوششیں بھی کی جائیں۔ ہمیں امید ہے کہ پاکستان میں صورتحال بہتر ہونے کے بعد سیاحوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ ملاقات کے دوران سیکنڈ قونصل کو پاکستان کی سیاحت پر دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی اور اسلام آباد سٹی ٹور بس کا معائنہ بھی کروایا گیا۔ انہوں نے پی ٹی ڈی سی کے اقدامات کی تعریف کی ۔ ملاقات کے آخر میں ایم ڈی نے یادگاری سوونیئر بھی پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :