کاشتکاروں کو فصلوں کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی کی فراہمی بارے بھرپور آگاہی فراہم کی جائے،سیکرٹری زراعت

جمعرات 23 فروری 2017 20:07

کاشتکاروں کو فصلوں کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی کی فراہمی بارے بھرپور ..
ملتان۔23 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2017ء) سیکرٹری زراعت پنجاب محمد محمود نے کہا ہے کہ کاشتکاروں کو فصلوں کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی کی فراہمی بارے بروقت اور بھرپور آگاہی فراہم کی جائے۔ حکومت زراعت کی ترقی کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے لارہی ہے۔ انہوں نے محکمہ زراعت کے تمام ملازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ کاشتکاروں کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں کیونکہ کاشتکار کی خوشحالی سے ہی ملکی خوشحالی وابستہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام ملازمین پر لازم ہے کہ وہ اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی میں کسی قسم کی کسر نہ چھوڑیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کی فیلڈ ٹیمیں 15اپریل سے قبل کپاس کی کاشت پر لگائی جانے والی پابندی اور دفعہ 144کے نفاذ کو یقینی بنائیں کیونکہ اس مرحلہ پر موسمی درجہ حرارت بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے گلابی سنڈی کے پروانے جلدی نکلنے شروع ہوں گے اور 15مارچ تک گرمی کی شدت میں اضافہ کی وجہ سے نکلنے والے پروانے خوراک نہ ہونے کی وجہ سے خود بخود ہی مرجائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دفعہ 144کے نفاذ کا مقصد کپاس کو گلابی سنڈی کے حملے سے محفوظ رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال کپاس کی 10ملین گانٹھ کے ہدف کے حصول کیلئے مربوط حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے جس پر عمل پیرا ہوکر اہداف کے حصول کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :