سینیٹ قائمہ کمیٹی صنعت و پیدوار کا یوٹیلٹی سٹورز پر غیر معیاری اشیاء کی فروخت کا نوٹس

کارپوریشن کو غیر معیاری اشیاء سپلائی کرنے والی کمپنیوں کو بلیک لسٹ اور ملوث ملازمین کے خلاف کارروائی کرکے آئندہ اجلاس میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کمیٹی کی فاٹا میں یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے زیادہ سے زیادہ سٹورز کھولنے کی بھی سفارش

جمعرات 23 فروری 2017 19:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 فروری2017ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی صنعت و پیدوارنے یوٹیلٹی سٹورز پر غیر معیاری اشیاء کی فروخت کا نوٹس لیتے ہوئے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے ایم ڈی کو ہدایت کی ہے کہ کارپوریشن کو غیر معیاری اشیاء سپلائی کرنے والی کمپنیوں کو بلیک لسٹ اور محکمے کے ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرکے آئندہ اجلاس میں رپورٹ پیش کی جائے ۔

کمیٹی نے فاٹا میں یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے زیادہ سے زیادہ سٹورز کھولنے کی بھی سفارش کر دی۔ ایم ڈی نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ بلوچستان میں یوٹیلٹی سٹورز میں35 کروڑ روپے کی خرد برد پر 10 ملازمین کے خلاف پرچہ درج کرا دیا گیا ہے۔جمعرات کوکمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر ہدایت اللہ کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاوس میں منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

کمیٹی اجلاس میں کلثوم پروین ، ملک نجم الحسن ، الیاس احمد بلور، خانزادہ خان ، تاج حیدر کے علاوہ وفاقی وزیر غلام مرتضیٰ جتوئی ، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت ، ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔

اجلاس کے دوران وفاقی وزیر پیدوار غلام مرتضیٰ جتوئی نے کہاکہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کمپیوٹرائزیشن ہونے سے بہتری آئے گی ۔ غلط معاہدے نہیں ہونگے ۔ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے ایم ڈی نے بتایا کہ اشیائے خوردنوش فراہم کرنے کے ٹینڈر کا معاملہ مسابقتی کمیشن آف پاکستان میں ہے کل بھی سماعت ہوگی ۔ مسابقتی کمیشن کے فیصلے سے کمیٹی کو آگاہ کیا جائے گا۔

جس پر چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ اس معاملے کو مسابقتی کمیشن کے فیصلے کے بعد کمیٹی آئندہ ہونے والے اجلاس میں زیر غورلائے گی ۔ ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نے بتایا کہ کارپوریشن مختلف اشیاء خریدنے کیلئے ایک مستقل اور ایک عارضی طریقہ کار اختیار کرتی ہے ۔ مستقبل طریقے کے تحت بین الاقوامی اور ملکی برانڈ کی اشیاء 30 سی40 دنوں کی ادائیگی پر اور دوسرے طریقے میں کمپنیوں کو سٹورز میں اشیاء فروخت کے لئے رکھنے کی اجازت ہوتی ہے ۔

کارپوریشن اپنے لیبل کی بھی جن میں گھی، تیل ، مصالحہ جات ، نمک وغیر ہ شامل ہیں بھی فروخت کرتی ہے ۔ کارپوریشن کے اپنے لیبل کے گھی اور تیل کے بارے میں درخواست پر سپریم کورٹ نے از خود نوٹس لیا۔ سیکرٹری وزارت اور میں نے عدالت عالیہ میں خود پیش ہو کر تفصیلی جواب دیا ہے۔گھی اور تیل کا معیا رجانچنے کیلئے ایس او پی بنایا جارہا ہے ۔ کارپوریشن کے ملازمین کی انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ سے تربیت شروع کر وا دی گئی ہے ۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ محکمانہ استعداد میں اضافے اور ملازمین کی تربیت سے بڑھنے والی صلاحیت سے اشیاء کو معیار پرکھنے میں فائدہ ہوگا۔ سینیٹر کلثوم پروین نے کہا کہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کی اشیاء غیر معیاری اور کم وزن ہے ۔ دالوں کو کیڑا لگا ہوتا ہے ۔ رمضان المبارک آرہا ہے ۔ معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ سینیٹر الیاس بلور نے کہا کہ برانڈڈ اشیاء خریدی جائیں جن کا وزن مکمل ہوتا ہے ۔

کارپوریشن کھلا مال نہ خریدے ۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ کارپوریشن اپنی مشکلات اور مسائل سے تحریری آگاہ کرے ۔ مالی مدد کیلئے حکومت سے درخواست کریں گے ۔ قانون سازی میں کمیٹی مدد دے گی ۔ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن میں غبن پر ایم ڈی نے بتایا کہ بلوچستان میں 35 کروڑ روپے کی خرد برد پر 10 ملازمین پر پہلا پرچہ درج ہوگیا ہے ۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ کمیٹی نے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے ملازمین کی سوشل سیکورٹی کیلئے ہدایت دی گئی تھی عمل نہیں کیا گیا ۔

کارپوریشن ملازمین سے سالانہ 70 لاکھ روپے سیکورٹی کی مد میں جمع کراتی ہے ۔ ملازمین کو سہولیات دی جائیں ۔ ایم ڈی نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ صوبہ بلوچستان کی1400 خالی اسامیوں پر بھرتی کی بورڈ نے منظوری دے دی ہے جوجلد مشتہر کر دی جائیں گی۔ (ع ع)

متعلقہ عنوان :