ْ امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کی سیالکوٹ ایوان صنعت و تجارت کے انتظامی بورڈ کے ارکان سے ملاقات

جمعرات 23 فروری 2017 17:41

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2017ء) پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے سیالکوٹ ایوان صنعت و تجارت کے انتظامی بورڈ کے ارکان سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ معاشی و تجارتی تعاون مزید گہرا کرنے کیلئے اقدامات اور ممکنہ پیشرفت کی راہوں سمیت کئی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ امریکی سفیر نے وفد کے ساتھ ان مختلف پروگراموں اور اقدامات کے بارے میں بھی گفتگو کی جو امریکہ نے پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات اور سرمایہ کاری کیفروغ کے لئے کئے ہیں۔

امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے کہا کہ امریکہ معاشی تعلقات اور دوطرفہ تجارت میں اضافہ کیلئے پاکستانی حکومت اور نجی شعبے کے ساتھ مل کر پیشرفت جاری رکھنے کیلئے پوری طرح پرعزم ہے۔ انہوں نے سیالکوٹ میں کاروباری ترقی کے مواقع بڑھانے کیلئے سیالکوٹ ایوان صنعت وتجارت کے نت نئے طریقوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ سیالکوٹ کی کامیابیاں بہت متاثر کن اور جدت پر مبنی ہیں جو پاکستان کے دیگر علاقوں کیلئے مشعل راہ ہیں۔

(جاری ہے)

امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے کہا کہ امریکہ پورے پاکستان کے لئے معاشی کامیابی کے ماڈلز کی تیاری کی غرض سے سیالکوٹ کی کاروباری برادری کے ساتھ ملکر کام کرنے کا خواہاں ہے۔ سیالکوٹ ایوان صنعت وتجارت کے صدر ماجد رضا بھٹہ نے اِس موقع پر اظہار ِخیال کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ہمیشہ سے پاکستان کا ایک اہم تزویراتی اشتراک ِ کار رہا ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ دونوں ملکوں کے مابین تعلق مستقبل میں مزید مستحکم ہوگاکیونکہ دونوں ممالک نے تجارت کے فروغ، تعلیم، عورتوں کو بااختیار بنانیاور فکری املاک کے شعبوں میں ایک دوسرے سے تعاون کا تہیہ کیا ہوا ہے۔

ماجد رضا بھٹہ نے امریکی سفیر کا انکی اور ان کے ساتھیوں کی میزبانی کرنے اور باہمی دلچسپی کے امور میں سیالکو ٹ ایوان صنعت و تجارت سے تعاون کرنے میں دلچسپی ظاہر کرنے پر شکریہ اداکیا۔ امریکی سفیر کے ساتھ ملاقات کے بعد ایوان تجارت و صنعت سیالکوٹ کے وفد نے ،جس کی قیادت ایوان تجارت کے صدر کررہے تھے، امریکی سفارتخانہ کے معاشی، یو ایس ایڈ، امورِ عامہ اور سیاسی امور کے شعبوں کے حکام کے ساتھ ایک تفصیلی ملاقات کی اور ایسے ممکنہ شعبوں کا جائزہ لیا ،جن میں اشتراک کو مزید فروغ دیا جاسکتا ہے۔

اجلاس میں تجارت کیفروغ، تعلیم، تبادلوں، مزدوروں سے متعلق معیارکو بہتر بنانے، معیشت میں خواتین کے کردار، انٹرپرینیورشپ اور زراعت سے متعلق مشترکہ اقدامات پر توجہ مرکوز کی گئی۔ ایوان تجارت و صنعت سیالکوٹ کے وفد کا امریکی سفارتخانہ کا یہ دورہ جنوری کے وسط میں اسلام آباد میں قائم امریکی سفارتخانہ اور لاہور میں قائم امریکی قونصل خانہ کے وفد کے دورہ سیالکوٹ کے بعد کیا گیا۔

اس دورے میں امریکی حکام نے سیالکوٹ کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر، ایوان صنعت وتجارت اور آلات جراحی بنانے والے اداروں کی انجمن سرجیکل انسٹرومنٹس مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے نمائندوں سے ملاقاتیں کی تھیں۔ امریکی حکام کے وفد نے سلور اسٹار گروپ کے کارخانوں کا بھی دورہ کیا تھا۔