سندھ ہائیکورٹ میں میڈیا ہائوسز پر حملے کیس کی سماعت27فروری تک ملتوی

اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر کی عدم پیشی پر عدالت برہم ، آئندہ پیشی پر حاضر نہ ہوئے تو 50 ہزار جرمانہ کیا جائے گا،عدالت کے ریمارکس

جمعرات 23 فروری 2017 14:35

سندھ ہائیکورٹ میں میڈیا ہائوسز پر حملے کیس کی سماعت27فروری تک ملتوی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2017ء) سندھ ہائیکورٹ میں میڈیا ہائوسز پر حملے اور اشتعال انگیز تقریر کا مقدمہ میں دو ملزمان کی درخواست ضمانت پرجمعرات کو سماعت ہوئی ۔ عدالت نے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر کی عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کیا ۔ ملزم حسن عالم اور شوکت کی انسداد دہشتگردی عدالت درخواست مسترد کر چکی ہے ۔

(جاری ہے)

سندھ ہائیکورٹ میں سماعت کے دوران اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر کی عدم موجودگی پر عدالت نے سوال کیا کہ ساجد محبوب کہاں ہیں ۔

پبلک پراسیکیوٹر مشتاق جہانگیری نے جواب دیا کہ انہیں کمر کی تکلیف ہے وہ بیمار ہیں ۔ عدالت نے کہا ہمیں بھی کمر کی تکلیف ہے ، سوال کیا کہ وہ کس اسپتال میں داخل ہیں بتایا گیا رینجرز کے اسپتال میں داخل ہیں ۔ عدالت نے سماعت 27فروری تک ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر پیش نہیں ہوئے تو 50 ہزار جرمانہ عائد کریں گے ۔