سندھ ہائی کورٹ،ایم کیوایم پرپابندی سے متعلق کیس کی سماعت ،ایم کیوایم کے وکیل کی علالت کے باعث ملتوی

جمعرات 23 فروری 2017 14:35

سندھ ہائی کورٹ،ایم کیوایم پرپابندی سے متعلق کیس کی سماعت ،ایم کیوایم ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2017ء) سندھ ہائی کورٹ میں جمعرات کوایم کیوایم پرپابندی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔سماعت کے موقع پر ایم کیوایم کا کوئی بھی رکن عدالت میں موجودنہیں تھا، ایم کیوایم کے وکیل کی علالت کے باعث سماعت ملتوی کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں ایم کیوایم پرپابندی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، ایم کیوایم وکیل فروغ نسیم علالت کے باعث پیش نہ ہوئے۔

متحدہ قومی موومنٹ کے صوبائی اورقومی اسمبلی کے ارکان میں سے کوئی بھی عدالت میں پیش نہ ہوا۔واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پرفروغ نسیم ارکان اسمبلی کی نمائندگی سے دستبردارہوچکے ہیں۔یاد رہے کہ کیس کی سماعت گذشتہ سال بانی ایم کیو ایم کی متنازعہ تقریرکے بعد شہری کی جانب سے دائر کردہ درخواست کے بعد ہوئی ، درخواست گزار کا کہنا ہے کہ 22 اگست کی تقریر کے بعد متحدہ سیاسی پارٹی کی حیثیت کھو چکی ہے ، درخواست گزار نے استدعا کی کہ متحدہ کو ملک دشمن قرار دے کر پابندی عائد کی جائے۔

(جاری ہے)

22 اگست کی متنازعہ تقریر کے بعد 30 اگست کی خبر کے مطابق ایم کیوایم قائد کی ملک مخالف تقریر اور میڈیا ہاوسز پر حملے کے الزام میں ایم کیوایم پر پابندی لگانے کی تیاری شروع کردی گئی تھیں، اٹارنی جنرل کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے کام شروع کردیا تھا۔یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں اقبال ہزاروی نے ایم کیو ایم پر پابندی کے لیے درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ایم کیو ایم کے بانی نے پاکستان مخالف نعرے لگا کر غداری کی۔