مفتی منیب الرحمان نے مزارات پر دھمال پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 23 فروری 2017 10:52

مفتی منیب الرحمان نے مزارات پر دھمال پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ ..
اسلام آباد (اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 فروری 2017ء): مفتی منیب الرحمان نے ملک بھر کے مزارات میں دھمال پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے ۔ مفتی منیب الرحمان کا کہنا تھا کہ اکثر یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ مزارات پر غیر شریعہ حرکات ہوتی ہیں۔ مردوں اور عورتوں کا مخلوط اجتماع سمیت دھمال بھی ڈالا جاتا ہے۔ ان سب چیزوں کا اولیائے کرام اور علما کی تعلیمات سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہے۔

یہی وجہ ہے کہ ان مقامات پر روحانی ماحول نہیں ہے جو مزارات پر آنے والوں کو نصیب ہونا چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ نشے کے عادی اور منشیات کا کاروبار کرنے والے افراد بھی ایسے مقامات کو اپنا ٹھکانہ بنا لیتے ہیں۔ اس ساری صورتحال کے پیش نظر ہمارا مطالبہ ہے کہ مزارات کے ماحول کو پاکیزہ بنانا چاہئیے ، ان تمام چیزوں سے نہ صرف مزار بلکہ مزاروں کے ماحول کو بھی پاک کرنا چاہئیے۔

(جاری ہے)

مفتی منیب الرحمان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مزارات پر نہ تو مردوں کے مخلوط اجتماع اور نہ ہی کسی قسم کے دھمال کی گنجائش ہے۔ مزارات پر درس و تدریس ہونی چاہئیے ۔ وہاں دینی تربیت کے انتظام کے ساتھ ساتھ ہر وقت تلاوت قرآن پاک اور دورو کے ورد کا ماحول ہونا چاہئیے۔ملک بھرمیں جتنے بھی اہل سنت و جماعت کے قابل اولیاؤں کے مزارات ہیں ان کو شریعت کے مطابق ہونا چاہئیے۔ خلاف شریعہ حرکت وہاں نہیں ہونی چاہئیں۔لہٰذا ہمارا شدت سے مطالبہ ہے کہ ایسی حرکات پر فوری طور پر پابندی عائد کر کے مزارات کے ماحول کو پاک بنایا جائے۔