یہودی قبروں کی مرمت کے لیے مسلمانوں کی اپیل، 85 ہزار ڈالر جمع

جمعرات 23 فروری 2017 10:10

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2017ء) امریکی ریاست مزوری میں یہودی قبرستان کو تباہ کیے جانے کے بعد امریکی مسلمانوں کے فنڈ اکٹھے کرنے کے پراجیکٹ نے اس قبرستان کی مرمت کرانے کے لیے 85 ہزار ڈالر جمع کیے ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اس پراجیکٹ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ انھوں نے 20 ہزار ڈالر رقم مانگی تھی جبکہ ان کو چار گنا زیادہ رقم ملی ہے۔

(جاری ہے)

امریکی مسلمانوں کے فنڈ اکٹھے کرنے کے پراجیکٹ نے اس جگہ کی تعمیر نو کے لیے چندہ مانگنے کی مہم کا آغاز کیا تھا۔مزوری کے شہر سینٹ لوئس میں گزشتہ پیر کو یہودیوں کے قبرستان میں نامعلوم افراد نے 170 قبروں کو نقصان پہنچایا۔اس قبرستان کی مرمت کے لیے فنڈ کی اپیل لنڈا اور طارق المسیدی نے کی تھی اور ان کو تین ہزار افراد نے رقم بھیجی جو کہ 85 ہزار ڈالر ہے۔اس اپیل کے منتظمین کا کہنا ہے کہ وہ مزید رقم کے لیے اپیل جاری رکھیں گے تاکہ مزوری میں بتاہ کی گئی قبروں کی مرمت کے بعد یہ رقم امریکا میں کہیں بھی تباہ کی گئیں یہودی قبروں کی مرمت کے کام آ سکیں۔

متعلقہ عنوان :