Live Updates

وزیراعظم محمد نواز شریف پاناما پیپرز کیس میں فتح یاب ہونگے،انہوں نے کچھ بھی غلط نہیں کیا،ان کے خلاف لگائے گئے تمام الزامات جھوٹے ثابت ہونگے،عمران خان عدالت میں ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہے،تحریک انصاف ججوں پر دبائو ڈالنے کی کوشش کرتی رہی،سوشل میڈیا اور دوسرے فورمز پر عدلیہ کے خلاف پراپیگنڈہ کرنے میں بھی مصروف رہی

وزیر مملکت برائے کیڈ طارق فضل چوہدری،مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کی پریس کانفرنس

جمعرات 23 فروری 2017 00:51

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2017ء) وزیر مملکت برائے کیڈ طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف پاناما پیپرز کیس میں فتح یاب ہونگے کیونکہ انہوں نے کچھ بھی غلط نہیں کیا۔ رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو یقین ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اور ان کا خاندان بے گناہ ہے اور ان کے خلاف لگائے گئے تمام الزامات غلط ثابت ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے مقدمہ کے دائرہ اختیار کو چیلنج نہیں کیا بلکہ خود کو سپریم کورٹ کے سامنے پیش کر دیا کیونکہ وہ اپنے آپ کو کلیئر کرنا چاہتے ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ججوں پر دبائو ڈالنے کی کوشش کرتی رہی،وہ سوشل میڈیا اور دوسرے فورمز پر عدلیہ کے خلاف پراپیگنڈہ کرنے میں بھی مصروف رہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان وزیراعظم محمد نواز شریف کے خلاف بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں اور وہ پاناما پیپرز کیس میں عدالت میں بھی کوئی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہے ہیں،وہ اس مقدمہ سے سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ ڈاکٹر طارق فضل نے کہا کہ عمران خان خیبرپختونخوا کے اداروں میں کسی بھی قسم کی اصلاحات لانے میں ناکام رہے اور صوبہ کے عوام کو کسی بھی طرح کا ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوئی بھی عملی اقدامات نہ کر سکے۔

انہوں نے یاد دلایا کہ دھرنے کے دوران پی ٹی آئی نے پارلیمنٹ ہائوس، وزیراعظم ہائوس، پاکستان ٹیلی ویژن اور دوسرے قومی اداروں پر حملے کئے، عمران خان نے اپنے طرز سیاست سے ملک کو بہت نقصان پہنچایا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ نے الزام لگایا کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے، اس کیلئے انہوں نے دھرنا دے کر قوم کا وقت ضائع کیا جبکہ عدالتی کمیشن نے اپنا فیصلہ سنایا کہ انتخابات میں کسی قسم کی کوئی دھاندلی نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ حدیبیہ پیپر ملز کیس کو دو مرتبہ خارج کر چکی ہے، یہ مقدمہ پرویز مشرف دور میں دائر کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف جھوٹ بول کر اور نفرت پھیلا کر حقائق کو تبدیل کرنا چاہتی ہے۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ پاناما پیپرز ایشو پر عمران خان اپنا موقف کئی مرتبہ تبدیل کر چکے ہیں، وہ احتساب نہیں چاہتے بلکہ اس ایشو پر پروپیگنڈا کر کے اقتدار میں آنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت توانائی کا بحران ختم اور امن اور استحکام پیدا کر کے ملک میں تبدیلی لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی تنظیمیں کئی مرتبہ پاکستان کی معیشت کی بحالی کیلئے حکومت کی کوششوں کو تسلیم کر چکی ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات