وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز کی ایران کے وزیر دفاع و لاجسٹکس جنرل حسین دہگان سے ملاقات ، پاک ایران سرحد کے اطراف سیکورٹی کو مضبوط بنانے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیاگیا

بدھ 22 فروری 2017 23:21

تہران ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2017ء) وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے تہران پہنچنے کے فوراً بعد ایران کے وزیر دفاع و لاجسٹکس جنرل حسین دہگان کے ساتھ ملاقات کی۔ سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) ضمیر الحسن شاہ بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان اور ایران نے پاک ایران سرحد کے اطراف سیکورٹی کو مضبوط بنانے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا اور اس بات سے اتفاق کیا کہ سرحدی سیکورٹی کمیشن کا اجلاس جلد ہوگا تاکہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ دہشتگرد اور سمگلرز ایک دوسرے کے علاقے سے کارروائیاں نہ کر سکیں۔

ملاقات کے دوران گبد رمضان اور من پشین کی دو اضافی سرحدی چوکیاں کھولنے کی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ سرتاج عزیز نے تہران میں اپنے قیام کے دوران ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف سے بھی ملاقات کی اور علاقائی اور عالمی ایشوز بالخصوص افغانستان کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں ایرانی وزیر خارجہ نے سرتاج عزیز کے اعزاز میں ایک عشائیہ بھی دیا۔