سردار نبیل گبول نے آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا

نبیل گبول نے پیپلزپارٹی کی قیادت سے اختلافات کے بعد 2013میں پیپلزپارٹی کوخیرباد کہہ دیا تھا اوروہ متحدہ قومی موومنٹ میں شامل ہوگئے تھے

بدھ 22 فروری 2017 22:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2017ء) ایم کیو ایم کے سابق رکن قومی اسمبلی سردار نبیل گبول نے بدھ کو سابق صدر اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری سے بلاول ہائوس میں ملاقات کی اور اپنی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

نبیل گبول نے پیپلزپارٹی کی قیادت سے اختلافات کے بعد 2013میں پیپلزپارٹی کوخیرباد کہہ دیا تھا اوروہ متحدہ قومی موومنٹ میں شامل ہوگئے تھے۔ متحدہ قومی موومنٹ کی قیادت نے نبیل گبول کواپنی سب سے اہم قومی اسمبلی کی نشست این اے دوسوچھیالیس پردوہزارتیرہ کے انتخابات میں پارٹی ٹکٹ جاری کیا تھا اوروہ بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے تھے ۔

(جاری ہے)

تقریبا دوبرس تک متحدہ قومی موومنٹ میں شامل رہنے کے بعد ان کے پارٹی قیادت سے اختلافات پیدا ہوئے جس کے بعد انہوں نے ایم کیو ایم کوخیرباد کہہ دیا ۔

نبیل گبول ایک برس سے کسی پارٹی میں شامل نہیں ہوئے ذرائع کے مطابق ان کے گذشتہ کئی ماہ سے پیپلزپارٹی کی قیادت سے رابطے چل رہے تھے ، جس کے بعد بدھ کوآصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد انہوں نے دوبارہ ان کی قیادت پراعتماد کا اظہارکیا ۔ واضح رہے کہ نبیل گبول لیاری کی نشست این اے دوسواڑتالیس سے دومرتبہ پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی جبکہ سندھ اسمبلی کی نشست پربھی وہ منتخب ہوچکے ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ سے علیحدگی کے بعد انہوں نے تحریک انصاف سمیت دیگرمختلف سیاسی جماعتوں میں شمولیت کے لیے بھی رابطے کیے ،انہوں نے بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کی اورتحریک انصاف کے دھرنے کی حمایت کا بھی اعلان کیا تھا جبکہ مسلم لیگ نون کی قیادت سے بھی ان کے رابطے ہوئے تھے ۔