وزیر مملکت مریم اورنگزیب سے صحافتی تنظیموں کے وفد کی ملاقات ،وزیر مملکت انوشہ رحمان بھی موجود تھیں

سپریم کورٹ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ پر گفتگو ،معاملہ حل کروانے میں وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کلیدی کردار اداکیا کامیاب مذاکرات کے بعد صحافتی تنظیموں نے انوشہ رحمان کے خلاف دائر درخواست واپس لینے پر آمادگی ظاہرکی

بدھ 22 فروری 2017 23:39

وزیر مملکت مریم اورنگزیب سے صحافتی تنظیموں کے وفد کی ملاقات ،وزیر مملکت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2017ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب سے صحافتی تنظیموں کے وفد نے بدھ کوملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان بھی موجود تھیں۔ وفد میں آر آئی یو جے کے صدر افضل بٹ‘ سیکرٹری نیشنل پریس کلب عمران یعقوب‘ صدر پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن صدیق ساجد ‘ آر آئی یو جے کے رہنما علی رضا علوی‘ سینئر صحافی طارق محمود چوہدری‘ آغا اقرار بھی موجود تھے۔

ملاقات میں سیون نیوز کے رپورٹر اعظم گل بھی موجود تھے۔ اس موقع پرسپریم کورٹ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ پر گفتگو ہوئی۔ وزیر مملکت انوشہ رحمان نے کہا کہ میرا مقصد کسی کی دل آزاری نہیں تھا۔میں اعظم گل کو نہیں جانتی تھی‘ ردعمل فطری تھا۔

(جاری ہے)

ان کی دل آزاری پر افسوس اور دکھ ہے۔ انھوں نے کہا کہ اعظم گل میرے بھائی ہیں اور میں ان کی بہن ہوں۔

صحافیوں کے ساتھ ہمیشہ سے اچھے تعلقات کی خواہاں رہی ہوں۔معاملہ حل کروانے میں وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کلیدی کردار اداکیا اورانوشہ رحمن اور صحافتی تنظیموں کو ایک میز پر بٹھا دیا۔ اس موقع پروزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ تمام صحافی میری ٹیم کا حصہ ہیں۔ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ آزادی صحافت اور عوام کے بنیادی حقوق کے لئے جدوجہد کی ہے۔ جمہوریت اور صحافت لازم و ملزوم ہیں‘ کامیاب مذاکرات کے بعد صحافتی تنظیموں نے انوشہ رحمان کے خلاف دائر درخواست واپس لینے پر آمادگی ظاہرکی۔