پیپلزپارٹی کی قیادت کا آپریشن رد الفساد کی حمایت کا فیصلہ

دہشت گردی اندرونی ہو یابیرونی اس کے خاتمہ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، بلاول بھٹو

بدھ 22 فروری 2017 23:36

پیپلزپارٹی کی قیادت کا آپریشن رد الفساد کی حمایت کا فیصلہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2017ء) پیپلزپارٹی کی قیادت نے آپریشن رد الفساد کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے اورکہا ہے کہ دہشت گردی اندرونی ہو یابیرونی اس کے خاتمہ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں اور سیکور ٹی فورسز کے جن باہمت اہلکاروں نے دہشت گردوں سے لڑکر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے پوری قوم کو ان پر فخر ہے ، پیپلز پارٹی دہشت گردی کے خلاف مہم میں سیکوریٹی اداروں اور پوری قوم کے شانہ بشانہ ہے ۔

بدھ کو بلاول ہائوس میں پارٹی کے سینئررہنماوں نے سابق صدرآصف علی زرداری اورپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو سے ملاقات کی دہشت گردی کی حالیہ لہرکے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بد ھ کے روز پارٹی قیادت سے بلاول ہاوس میں دوبارملاقات کی اورسانحہ سیہون شریف کی تحقیقات اوردہشت گردی کے تدارک کے لیے حکومت سندھ کے اقدامات سے پارٹی قیادت کوآگاہ کیا۔

اس موقع پر پیپلزپارٹی کی قیادت نے پاک فوج کی جانب سے آپریشن رد الفساد شروع کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے دہشت گردی کے مکمل خاتمہ کے لیے اپنے عزم کودہرایا۔ بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنماوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ د ہشت گردی سے وہ خود ذاتی طور پر متاثر ہوئے ہیں اور انہوں نے اپنی عظیم ماں کی قربانی دی ہے ۔بلاول بھٹو نے کہا کہ دہشت گردی اندرونی ہو یا بیرونی اسے ختم کرکے دم لیں گے ۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام امن پسند عالمی قوتیں دہشت گردی کے خلاف پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں ،انسانیت کے دشمن دہشت گردوں کو اللہ اور عوام معاف نہیں کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل ہوتا ہوا دکھائی نہیں دے رہا ہ، صرف سندھ حکومت اس پر عمل درآمد کررہی ہے ،باقی صوبے بھی نیشنل ایکشن پلان پر بھی عمل کریں ۔ انہوں نے کہا کہ تمام جمہوریت پسند قوتیں انتہاپسندی کے خلاف ہیں،ہمارا یہ پختہ عزم ہے کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔

متعلقہ عنوان :