صوبائی حکومت صنعت کاروں کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی‘ مشتاق احمد غنی

بدھ 22 فروری 2017 22:58

صوبائی حکومت صنعت کاروں کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2017ء)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے حیات آباد میں واقع فرنٹیئر فائونڈری میں انڈسٹریل ایسوسی ایشن پشاور کے ممبران سے ملاقات کی جس میں ایف بی آر کی جانب سے صوبے میں مختلف صنعتوں پر غیر قانونی چھاپوں کے حوالے سے پیدا ہونے والی صورت حال کے حوالے سے مذاکرات کئے گئے۔

اس موقع پر صدر انڈسٹریل ایسوسی ایشن پشاور غضنفر بلور نے صوبائی حکومت سے اپیل کی کہ وفاقی اداروں کی جانب سے غیر قانونی اقدامات کا نوٹس لیا جائے اور مسئلہ کے حل کیلئے کمیٹی بھی تشکیل دیں جو ان مسائل کی حل کیلئے وفاقی حکومت سے مذاکرات کرے ۔اس موقع پر ترجمان خیبر پختونخوا حکومت مشتاق احمد غنی نے معاملے کے حل کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی جس میں سینٹر نعمان وزیر ،سینٹر محسن عزیز ، صو بائی وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ ، وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکر یم چیئر مین سپیشل اکنامک زونز اتھارٹی غلام دستگیر،، غضنفر بلور، محسن سید، سابقہ صدر سرحد چیمبر آف کامرس ملک نیاز شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مشتا ق غنی نے واضح کیا کہ موجودہ صوبائی حکومت صنعتوں کو ترقی اور فروغ کیلئے انڈسٹریل پالیسی بھی تشکیل دی ہے اور صوبے میں انڈسٹریل زونز کے قیام کیلئے بھی کوشاں ہے تاہم کسی ادارے کو بھی اس قسم کے اقدامات سے صنعتوں کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ صنعت کاروں کے ٹیکس سے ملک کا معاشی پہیہ چلتا ہے اور صوبے میں صنعتوں کے خلاف ایسے اقدامات ایک سوچھی سمجھی کے تحت کئے جارہے ہیں۔

اس موقع پر ایسوسی ایشن کے ممبران نے مطالبہ بھی کیا کہ ایف بی آر کی جانب سے افسران کے کیسز میں 25فیصد کمیشن کو ختم کیا جائے تاکہ آئندہ اختیارات کے ناجائز استعما ل کو روکا جا سکے۔انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ ایف بی آر کی جانب سے تمام ریکارڈ ز واپس کئے جائیں جو انہوں نے غیر قانونی طور پر اپنی تحویل میں لئے ہیں ۔ مشتاق احمد غنی نے واضح کیا کہ مسئلہ کے حل کیلئے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک سے مشاورت کی جائے گی اور مسئلہ کو اسمبلی کے فورم پر بھی اٹھایا جائے گا مزید برآں موجودہ صوبائی حکومت سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کی مدد سے صوبے میں اکنامک زونز قائم کررہی ہے اور صوبائی حکومت صنعت کاروں کے تمام تر مسائل کو ترجیحاتی بنیادوں پر حل کر ے گی۔