ْکرپشن کاخاتمہ،اداروں کی مضبوطی اورعوام کو انصاف کی فراہمی ہمارامشن ہے،وزیراعلیٰ پرویزخٹک

بدھ 22 فروری 2017 22:54

ْکرپشن کاخاتمہ،اداروں کی مضبوطی اورعوام کو انصاف کی فراہمی ہمارامشن ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2017ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخواپرویزخٹک نے کہا ہے کہ ہمارا مشن کرپشن کا خاتمہ ، اداروں کی مضبوطی ، حقدار کو حق دینا ، میرٹ پر فیصلہ سازی اور بھرتیاں اور نظام کے ذریعے عوام کو انصا ف ، حق اور ریلیف دینا ہے۔یہی بنیادی فرق ہماری حکومت اور سابقہ حکومتوں میں ہے۔ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے دورہ چارسدہ کے دوران کینال روڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو 360 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کی جائے گی ۔

اس موقع پر سپیکرصوبائی اسمبلی اسد قیصر ، صوبائی وزراء محمد عاطف خان ،شاہ فرمان ، ایم پی اے عبد الشکور، محمد عارف اور پی ٹی آئی کے رہنما محمد فضل خان بھی موجود تھے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہماری قوم بڑی بد قسمت قوم ہے ان کی بہادری ، جوانمردی اور جانثاری اپنی مثال آپ ہے ۔

(جاری ہے)

ایسی قومیں کبھی پسماندہ نہیں رہتیں اگر ان کے سیاسی رہنما ایماندار اور صاحب کردار ہوں ۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ اُنہوںنے سیاست میں دھوکہ دہی اور فریب کرنے والوں کو ایکسپوز کیا ان کے عزائم سے عوام کو آگاہ کیا ۔پختون قوم کو ایک سسٹم دیا۔اداروں سے کرپشن کا خاتمہ کیا کیونکہ ہم ملک اور آئندہ نسل کے مستقبل کا سوچتے ہیں۔ہم نے سکولوں میں ناظرہ قرآن بمعہ ترجمہ لازمی قرار دے کر اُن سیاستدانوں کا کاروبار بند کردیا جو اسلام کا نام اپنے دُنیاوی حرص ، لالچ اور کرپشن کیلئے استعمال کرتے ہیں۔

ہم نے سود کا خاتمہ کیا تاکہ غریب کا استحصال نہ ہو۔ہم نے پولیس کو ریفارم کیا تاکہ تھانوں میں لوگوں کے ساتھ زیادتی نہ ہو اور وہ میرٹ کی بنیاد پر ظلم و نا انصافی کے خلاف ایک پروفیشنل فورس بن کر اُبھرے ۔ہم نے پولیس ریفارمز کو قانونی شکل دی ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ پہلے پولیس کرپٹ تھی لیکن اب پولیس پروفیشنل لائن پر اپنی پیشہ وارانہ خدمات انجام دے رہی ہے اور اب پولیس کی بہادری اور جوانمردی کے قصے زبان عام ہیں۔

اُن کی کل کی کارکردگی اور آج کی کارکردگی میں زمین و آسمان کا فرق ہے ۔پہلے پولیس واقعات سے بھاگتے تھے اب آگے بڑھ کر جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ تبدیلی اُن لوگوں کو کبھی نظر نہیں آسکتی جن کا واسطہ صحت کی سہولیات ، سکولوں ، پٹواریوں ، پولیس اور سرکاری دفاتر میں ہونے والے کرپشن سے نہ ہولیکن غریب کو یہ تبدیلی نمایاں نظر آتی ہے۔ہمارا نوجوان نسل سے وعدہ ہے کہ ہم نے اُن کو روایتی اور کرپٹ سیاستدانوں کے چنگل سے آزاد کرانا ہے۔ایک ایسا شفاف سسٹم دینا ہے جس میں اہل اور حقدار کے صلاحیتوں کو زنگ نہ لگے ۔