تنگی چارسدہ خود کش حملے میں پولیس کے ساتھ ساتھ محکمہ صحت کے عملے کا کردار بھی قابل ستائش ہے،شہرام ترکئی

بدھ 22 فروری 2017 22:54

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2017ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے صحت شہرام ترکئی نے صوبے میں گزشتہ کئی سالوں سے جاری دہشت گردی کے واقعات اور قدرتی آفات کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کی فراہمی میں محکمہ صحت اور سرکاری ہسپتالوں کے عملے کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میں سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹروں،نرسوںاور پیرا میڈکس عملے نے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں جن کو کسی صورت بھی نظر انداز نہیں کیاجاسکتا۔

ایسے واقعات میں زخمی ہونے والوں کی جانیں بچانے کے لئے سرکاری ہسپتالوں کے عملے نے صحیح معنوں میں مسیحا کا کردار ادا کیا ہے اور محدود وسائل کے باوجود انہوں نے دن رات ایک کر کے دکھی انسانیت کی خدمت کی ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی حکومت ان کے اس کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔بدھ کے روز پشاور میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ گزشتہ روز تنگی چارسدہ خود کش حملے میں پولیس کے جوانوں کے ساتھ ساتھ محکمہ صحت کے عملے کا کردار بھی شاندار رہا ہے جنہوں نے اس واقعے کے زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے میں کوئی کمی نہیں چھوڑی بلکہ اپنے وسائل اور استطاعت سے بڑھ کر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی۔

اگرچہ ایسے واقعات کے زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرنا ہسپتال عملے کے اولین فرائض میں شامل ہے تاہم وہ جس جانفشانی،مستعدی اور خدمت کے جذبے کے تحت یہ فرائض نبھا رہے ہیں وہ قابل ستائش ہے اور بحیثیت وزیر صحت انہیں طبی عملے کے اس کردار پر بجا طور پر فخر ہے۔

متعلقہ عنوان :