حافظ محمد سعید کے متعلق وزیر دفاع خواجہ آصف کی غلط بیانی کے خلاف تحریک آزادی جموں کشمیر کے تحت پریس کلب کے باہر بڑا احتجاجی مظاہرہ

بدھ 22 فروری 2017 22:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 فروری2017ء) حافظ محمد سعید کے متعلق وزیر دفاع خواجہ آصف کی غلط بیانی کے خلاف تحریک آزادی جموں کشمیر کے تحت بدھ کو پریس کلب کے باہر بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس سے خطاب کرتے ہوئے مذہبی و سیاسی رہنمائوں نے کہا ہے کہ خواجہ آصف پاکستان کے نہیں انڈیا کے وزیر دفاع کا کردار ادا کر رہے ہیں معاشرے کے لیے خطرہ حافظ سعید نہیں انڈیا کی بولی بولنے والے خطرہ ہیں۔

بھارت کی دہشت گردی اور کلبھوشن کے خلاف خاموش رہنے والے محب وطن افراد کے خلاف ہرزہ سرائی کر رہے ہیں۔ حافظ سعید کا کردار سب کے سامنے ہیں، حکمران بتائے وہ ملک و قوم کی کیا خدمت کر رہے ہیں۔ قوم کا پیسہ باہر لے جانے والے آزاد اور تھر میں انسانیت کی خدمت کرنے والا نظربند ہے۔

(جاری ہے)

عدالت میں واضح ہوجائے گا کہ حکومت نے بھارت اور امریکا کی خوشنودی کی خاطر حافظ سعید کے خلاف کارروائی کی ہے۔

ان خیالات کا اظہار جماعة الدعوة کراچی کے مسئول ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، تحریک انصاف کے رہنما اسرار عباسی، جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما حلیم غوری، آل پاکستان سنی تحریک کے رہنما مطلوب اعوان، جمعیت اتحاد العماء پاکستان کے رہنما مولانا عبدالوحید، جمعیت علمائے اسلام (س) کے رہنما قاری ساجد یار خان، مجلس تحفظ ختم نبوت کے رہنما مولانا عبدالرحیم، جماعة الدعوة کے رہنما حافظ امجد، عمران بھٹی، عبداللہ رحمانی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر مظاہرین نے خواجہ آصف کی غلط بیانی کے خلاف اور حافظ محمد سعید کے حق میں نعرے بازی کی اور بھارتی ترنگا بھی نذر آتش کیا۔ جماعة الدعوة کراچی کے مسئول ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ حافظ سعید حکمرانوں کے کرپٹ زدہ معاشرے کے لیے خطرہ ہوسکتے ہیں، 20 کروڑ پاکستانیوں کے لیے نہیں۔ حکمران پاکستان میں انڈیا کا معاشرہ قائم کرنا چاہتے ہیں۔

ملک میں بم دھماکوں اور دہشت گردی کے واقعات کے باوجود حکومت نے کلبھوشن اور انڈیا کے گھنائونے کردار پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ بم دھماکوں کی ذمے داری قبول کرنے والے دہشت گرد گروہ کی ویب سائٹ انڈیا سے چلائی جا رہی ہے۔ دہشت گردی کی حالیہ لہر کے پیچھے بھارت کا ہاتھ مخفی نہیں رہا۔ وزیر دفاع خاموش کیوں ہیں انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے اپنی نااہلی واضح کردی ہے، عوام بھی انہیں مسترد کردیں گے۔

حافظ محمد سعید کا کردار سب کے سامنے ہیں، انہوں نے قوم کو دھوکہ دینے کی بجائے مجبور عوام کی بلا امتیاز خدمت کی ہے۔ حکومت بیرونی دبائو میں آکر حافظ سعید کے خلاف اقدامات کی بجائے یو این میں ان کا کیس لڑے۔ بھارت کے غلط پرپیگنڈہ پر حافظ سعید کے خلاف عالمی پابندیاں عائد کی گئیں۔ ملکی عدالتوں سے حافظ سعید پہلے بھی سرخرو رہے، اب بھی عدالت میں کیس لڑکر اپنی بے گناہی ثابت کریں گے۔

تحریک انصاف کے رہنما اسرار عباسی نے کہا کہ حافظ سعید کا کوئی قصور نظر نہیں آتا۔ حکمران اپنی کوتاہیاں اور کرپشن چھپانے کے لیے حافظ سعید کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ حافظ سعید کے خلاف اقدامات کے ذریعے ن لیگ اپنے بھارتی آقائوں کو خوش کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے ارکان عدلیہ اور فوج پر حملوں کے علاوہ عوام کا پیسہ بھی لوٹ رہے ہیں۔

نااہل حکومت کا خاتمہ یقینی ہوگیا ہے۔ جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما حلیم غوری نے کہا کہ حافظ محمد سعید کی قومی و دینی خدمات ہیں، ان کے خلاف خواجہ آصف کی ہرزہ سرائی افسوسناک ہے۔ نظر بندی کے لیے قانونی راستہ اختیار کیا جاتا، لیکن حکمرانوں نے بھارت کو خوش کرنے کے لیے محض بیرونی دبائو پر کارروائی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ قانون کی پاسداری کو ملحوظ خاطر رکھے۔

خواجہ آصف پاکستان کے نہیں انڈیا کے وزیر دفاع معلوم ہوتے ہیں۔ حافظ سعید کے خلاف غلط بیانی صرف ایک فرد کا معاملہ نہیں پورے پاکستان کا مسئلہ ہے،آل پاکستان سنی تحریک کے چیئرمین مطلوب اعوان نے کہا کہ حکومت قوم کو بتائے کہ حافظ سعید کا قصور کیا ہے، پاکستانی معاشرے کو حافظ سعید سے نہیں خواجہ آصف اور اس جیسے وزراء سے خطرہ ہے،کشمیری عوام بھی حافظ سعید کی نظر بندی مسترد کرچکی، قوم کو مزید آزمائش میں نہ ڈالا جائے، حکومتی وزراء اپنی ناکامیوں کا ملبہ محب وطن افرد پر ڈالنا چاہتی ہے۔