ایس ای سی پی اور سٹیٹ بینک کا مالیاتی شعبے میں دھوکا بازی ختم کرنے کا عزم

بدھ 22 فروری 2017 22:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 فروری2017ء) سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان اور سٹیٹ بینک کی کوآرڈینیشن کمیٹی کا چھبیسواں اجلاس بروز بدھ ایس ای سی پی کے صدر دفتر میں منعقد ہوا۔ بینک کے اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت بینک کے گورنر جناب اشرف وتھرا نے جبکہ کمیشن کی نمائندگی چیئرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی نے کی۔

کوآرڈینیشن کمیٹی نے ملک میں مالیاتی شعبے میں ہونے والی دھوکہ بازیوںاور غیر قانونی طور پر سرمایہ ادھاردینے کی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ ان غیر قانونی اور مذموم سرگرمیوں کے قلع قمع کے لئے مشترکہ حکمت عملی اپنانے اور ان مذموم سرگرمیوں میں ملوث افراد کو پکڑنے کے لئے لاء انفورسمنٹ ایجنسیوں سے مدد حاصل کرنے اور پابندیاں عائد کر کے باقاعدہ فنانشل سیکٹر کی سہولتوں تک ایسے افراد کی رسائی ختم کر نے اور دیگر تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین ایس ای سی پی نے زور دیا کہ فنانشل مارکیٹوں کے استحکام اور مالیاتی شعبے کے قوائد و ضوابط کے بہتر نفاذ کے لئے مالیاتی سیکٹر کے ریگولیٹری اداروں کے مابین بہتر رابطہ اور تعاون اشد ضروری ہے۔ گورنر سٹیٹ بینک نے کہا کہ دونوں اداروں کے مابین باہمی تعاون اور مشاورت، اداروں کے ریگولیٹری مقاصد کو حاصل کرنے میں بہت معاون ثابت ہو رہی ہے۔

دونوں اداروں کے مابین مالیاتی استحکام کے حصول اور مختلف نظامی خطرات سے نمٹنے کے لئے طریق کار پر اتفاق پایا جاتا ہے۔ اجلاس میں ملک کی بانڈ مارکیٹ کوترقی دینے، کاروبار کرنے کو آسان بنانے، مالی قوانین کے سخت نفاذ اور مالیاتی شعبے میں بد عنوانی کرنے والوں کے خلاف مشترکہ کارروائی کے لئے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں سرمائے کے حصول کو آسان بنانے، مالیاتی اداروں کے پھیلاؤکو بڑھانے اور ہاؤزنگ فنانس کو فروغ دینے کے لئے بھی مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

اس کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہر سہ ماہی ہوتا ہے جس میں دونوں اداروں کے اعلیٰ حکام شرکت کرتے ہیں۔ کمیٹی کے ان باقاعدہ اجلاسوں میں دونوں اداروں کے مابین باہمی تعاون اور مالیاتی شعبے کے استحکام اور اس کے فروغ کے لئے مختلف تجاویز اور سفارشات کا جائزہ بھی لیا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :