راولپنڈی کی ترقی کیلئے نو منتخب بلدیاتی نمائندگان کو ذاتی مفاد سے بالا تر ہو کر اجتماعی خدمت کے جذبے سے سر شار ہو کر کام کرنا ہوگا‘ بلدیاتی نمائندگان اس بات کو ذہن نشین کرلیں کہ انھیں عوام کی طرف سے حقیقی پذیرائی خدمت سے ملے گی ‘میگا پرا جیکٹس کے ساتھ گلی محلہ کی ترقی کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا‘جب عام آدمی کا معیار زندگی بلند ہوگا تو یقینا اسکے اثرات ملکی سطح پر بھی مرتب ہونگے

میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کے میئر سردار نسیم خان کی این اے 55 اور 56 کے چیئرمینوں ‘ وائس چیئرمینوں سے گفتگو

بدھ 22 فروری 2017 22:49

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 فروری2017ء) میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کے میئر سردار نسیم خان نے کہا ہے کہ راولپنڈی کی ترقی کے لیے نو منتخب بلدیاتی نمائندگان کو ذاتی مفاد سے بالا تر ہو کر اجتماعی خدمت کے جذبے سے سر شار ہو کر کام کرنا ہوگا۔ بلدیاتی نمائندگان اس بات کو ذہن نشین کرلیں کہ انھیں عوام کی طرف سے حقیقی پذیرائی خدمت سے ملے گی ۔

میگا پرا جیکٹس کے ساتھ گلی محلہ کی ترقی کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔جب عام آدمی کا معیار زندگی بلند ہوگا تو یقینا اسکے اثرات ملکی سطح پر بھی مرتب ہونگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز حلقہ این اے 55 اور حلقہ این اے 56 کے وائس چیئرمینز الائنس کے سربراہ مقبول احمد خان کی قیادت میں وائس چیئرمینوں کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا،میئر سردار نسیم نے کہا کہ پنجاب اسمبلی نے قانونی ترامیم کے ذریعے صوبے کے تمام بلدیاتی اداروں کے ڈپٹی میئرز اور وائس چیئر مینوں کے اختیارات میں اضافہ کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

آئندہ کارپوریشن، ضلع کونسل، میونسپل کمیٹی اور یونین کونسل کے اجلاس کی صدارت ڈپٹی مئیر اور وائس چیئرمین کریں گے، وائس چیئرمین یونین کونسلزبھی اپنے ہائوس میں سپیکرجیسے فرائض سر انجام دیں گے۔ ہائوس میں ہونے والی تمام کاروائی و اجلاس کی صدارت بھی کرسکیں گے۔یونین کونسل کے بجٹ کی تیاری، منظوری اور جاری اخراجات جن میں ترقیاتی و دیگر امور شامل ہیں وائس چیئرمین مندرجہ بالا امور یونین کونسل کی منظوری کیلئے پیش کریں گے اور بعد از منظوری اخراجات کا مکمل ریکارڈ مرتب کروائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یونین کونسل میں وائس چیئرمینوں کا کلیدی کردار ہو گا۔ محکمہ بلدیات نے بلدیاتی اداروں کو اپنے بجٹ فوری طور پر ہائوس سے منظور کروانے کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔بجٹ اجلاس کی صدارت بھی ڈپٹی میئر اور وائس چیئرمین ہی کریں گے۔ ڈپٹی میئر چوہدری طارق نے کہا کہ حکومت بلد یاتی نظام کو مزید مضبوط بنانے اور لوگوں تک اس کے فوائد پہنچانے کے لئے تیز تر اقدامات عمل میں لائے ہوئے ہے اس سلسلے میںمحکمہ خزانہ پنجاب نے صوبہ بھر کی مقامی حکومتوں کے مالیاتی نظام پر عمل در آمد کو یقینی بنانے کے لئے پنجاب لوکل ایکٹ 2013 ء کے تحت صوبے کے تمام ڈویژن کے فوکل و ریسورس پرسنز مقرر کر دئیے ہیںجو کہ ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ خزانہ کے ساتھ مالیاتی امور کے حوالے سے کسی بھی وضا حت اور راہنمائی کے لئے مسلسل رابطہ رکھیں گے۔

محکمہ بلدیات بھی جلد اپنی ہیلپ لائن کا اجراء کر رہا ہے جس کے بعد آپ کو کسی بھی معاملے میں درپیش مشکلات کا فوری حل میسر آ سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام جلد تن آور درخت بن کر مقامی سطح پر جمہوریت کی بہترین نرسریاں ثا بت ہو گا اور ترقیاتی عمل کے فروغ میں ماتھے کا جھومر بنے گا۔حلقہ این اے 55 اور حلقہ این اے 56 کے وائس چیئرمینز الائنس کے سربراہ مقبول احمد خان نے کہا کہ پاکستان نے تیزی سے امن پسند اور ترقی یافتہ ممالک کی صف میں اپنا مقام بنانا شروع کر دیا ہے جس پر دنیا حیران ہو گئی ہے۔

ہمارے ارد گرد کے ممالک بھی وزیراعظم نواز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے مثبت اقدامات سے خائف ہونا شروع ہو گئے ہیں۔دنیا نے تسلیم کر لیا ہے کہ 2017ء کا پاکستان مضبوط ،مستحکم، پر امن اور روشن ملک ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی قیادت میںعوامی خدمت کے مشن کو عوامی منتخب بلدیاتی نمائندوں کے ذریعے تیزی سے پروان چڑھایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن و امان بحا ل ہوا ہے اور اور معاشی صورت حال میں بہتری آئی ہے۔پانامہ لیکس کا ڈرمہ جلد اپنی موت آپ مر جائے گا، ا ور آنے والا وقت بھی پاکستان مسلم لیگ ن کا ہی ہو گا۔مسلم لیگ نے ہر قدم اور ہر موڑ پر ثابت کیاہے کہ وہ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک ایک عظیم منصوبہ ہے جس سے ہر پاکستانی کی قسمت کا ستارہ جڑا ہو ہے۔

دنیا بھر کے ہر بڑے ملک نے اس عظیم منصوبہ میں شمولیت کا عندیہ آچکا ہے۔دشمن ممالک اپنے کارندوں اور افواہ سازوں کے ذریعے اس منصوبہ کو فلاپ قرار دے رہے ہیں مگر اندرونی طور پر وہ جان چکے ہیں کہ اس منصوبہ سے پاکستان دنیا بھر میں معاشی طور پر مستحکم ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تمام تخمینے بتا رہے ہیں کہ2017ء میں ہماری معیشت کا گروتھ ریٹ بڑھے گا۔2025ء ہمارے لئے روڈ میپ ہے جس کی رو سے آئیندہ دس سالوں میںپاکستان دنیا کی دس بڑی معیشتوں میں اہم مقام حاصل کرے گا۔

متعلقہ عنوان :