ضلع کچہری سے وفاقی پولیس کے دو اہلکار گاڑی چوری کرتے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے

وکلاء نے دونوں کواپنی گرفت میں لے کر ایس ایچ او تھانہ مارگلہ کے حوالے کردیا

بدھ 22 فروری 2017 22:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 فروری2017ء) ضلع کچہری اسلام آباد سے وفاقی پولیس کے دو اہلکار گاڑی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے،وکلاء نے دونوں کواپنی گرفت میں لے کر ایس ایچ او تھانہ مارگلہ کے حوالے کردیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی ضلع کچہری کی پارکنگ سے وفاقی پولیس کے دو اہلکار گاڑی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے،گاڑی کے مالک وکیل نے دونوں پولیس اہلکاروں کو رنگے ہاتھوں گرفت میں لے کر وکلاء کی بڑی تعداد کو اکٹھا کرلیا،پولیس اہلکاروں میں اے ایس آئی نواز اور ہیڈ کانسٹیبل قمر نواز شامل ہیں، پولیس اہلکاروں نے اپنے بچائو میں وکلاء سے کہا کہ اس گاڑی کے چوری ہونے کی رپورٹ 15پر ہوئی جس کی وجہ سے اس کو چیک کر رہے تھے تاہم گاڑی کے مالک وکیل سردار وقاص ایڈوکیٹنے کہا کہ گاڑی کے مکمل کاغذات میرے پاس موجود ہیں اور میں نے گاڑی کی گمشدگی کے حوالے سے کوئی رپورٹ درج نہیں کروائی، دونوں پولیس اہلکاروں کو ایس ایچ او تھانہ مارگلہ کے حوالے کردیا گیا، تاہم ذرائع کے مطابق ابھی تک اہلکاروں کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا اس حوالے سے ایس ایچ او تھانہ نے بارہا رابطہ کرنے پر بھی معلومات دینے سے گریز کیا جبکہ اپنے پیٹی بھائیوں کو بچانے کی بھرپورکوشش میں مصروف ہیں۔

(حسن رضا)

متعلقہ عنوان :